سالن کے مسئلہ پر جھگڑا بیوی نے شوہر کا قتل کردیا

نئی دہلی: رات کے کھانے میں پکائے جانے والے سالن کے معاملے پر شروع ہونے والا ایک چھوٹا سا تنازعہ بڑھتے بڑھتے اس حد تک پہنچ گیا کہ اس نے بالآخر شوہر کی جان لے لی۔ یہ دل دہلا دینے والا افسوسناک واقعہ گجرات کے شہر احمد آباد میں پیش آیا۔
نروڈا اسمارٹ سٹی کے علاقے میں رہنے والے سابق فوجی دلیپ کھرادی (عمر 39 سال) کو ان کی بیوی نرملا نے کچن میں رکھی چھری سے سینے پر زور دار وار کر کے ہلاک کر دیا۔پولیس سے موصولہ تفصیلات کے مطابق دلیپ 2022 میں فوج سے ریٹائر ہوئے تھے اور اس وقت جی ایم ڈی سی میں ڈرائیور کے طور پر کام کر رہے تھے۔
اس جوڑے کے دو بچے ہیں۔ کچھ عرصے سے مالی مشکلات اور خاندانی امور پر ان کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔ اسی دوران جمعرات کی رات سالن کے معاملے پر میاں بیوی کے درمیان شدید بحث تکرار ہوگئی۔ دونوں ایک دوسرے کو گالیاں دے رہے تھے کہ اسی دوران شدید غصے میں آ کر نرملا نے کچن سے چھری نکالی اور دلیپ کے بائیں سینے پر دل کے اوپری حصے میں زور سے گھونپ دی۔
شدید خون بہنے کی وجہ سے دلیپ کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ وہ پہلے ہی دم توڑ چکے ہیں۔ اس واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے نروڈا پولیس نے ملزمہ بیوی نرملا کو گرفتار کر لیا ہے
اور قتل کی اصل وجوہات کی گہرائی سے جانچ کی جا رہی ہے۔



