بالی ووڈ کی مشہور فلم ’شعلے‘۔ کس اداکار کو ملا تھا کتنا معاوضہ
ممبئی: فلمساز رمیش سپی کی سال 1975 میں ریلیز ہونے والی فلم مشہور فلم ’شعلے‘ آج بھی اپنے جاندار ڈائیلاگس اور فلم اداکاروں کی شاندار اداکاری کے سبب فلمی شائقین کے دلوں پر چھائے ہوئے ہے، آج بھی اس فلم کے ڈائیلاگ کہیں نہ کہیں ضرور سنائی دیتے ہیں۔
اس فلم میں دھرمیندر، امیتابھ بچن، امجد خان، سنجیو کمار، ہیما مالنی اور جیا بچن کے علاوہ اسرانی، جگدیپ نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ میڈیا رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ اس فلم میں کس اداکار کو کتنا معاوضہ دیا گیا تھا۔ یہ فلم 3 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی تھی۔ اس فلم میں کام کرنے کیلئے دھرمیندر کو ڈیڑھ لاکھ روپے کا معاوضہ ادا کیا گیا اور دھرمیندر اس وقت کے سب سے مہنگے اداکار تھے۔
شعلے میں دھرمیندر کے بعد سنجیو کمارسب سے زیادہ معاوضہ لینے والے دوسرے اداکار تھے جنہوں نے اس فلم کیلئے ایک لاکھ 25 ہزار روپے کا معاوضہ لیا تھا۔ امیتابھ بچن اس فلم میں سیکنڈ لیڈ پر تھے لیکن اس کے باوجود انہیں سنجیو کمار سے کم معاوضہ دیا گیا جو ایک لاکھ روپے تھا۔ بسنتی کا کردار ادا کرنے والی ہیما مالینی کو 75 ہزار روپے اور رادھا کا کردار ادا کرنے والی جیا بچن کو صرف 35 ہزار روپے دیے گئے جس کے پیش نظر جیا بچن اس فلم میں سب سے کم معاوضہ لینے والی اداکارہ تھیں۔ سامبا (میک موہن) کو 12 ہزار، کالیا کا کردار ادا کرنے والے وجو کھوٹے
کو 10ہزار اور امام صاحب کا کردار ادا کرنے والے اداکار اے کے ہنگل کو صرف 8 ہزار روپے میں کاسٹ کیا گیا تھا۔فلم کے سب سے مشہور کردار گبر سنگھ یعنی امجد خان 50 ہزار روپے معاوضہ دینے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔