جرائم و حادثات

حیدرآباد۔ عطاپور سے اغوا کی گئی لڑکی کا پتہ چل گیا

حیدرآباد۔ عطاپور سے اغوا کی گئی لڑکی کا پتہ چل گیا

حیدرآباد: شہر کے علاقہ عطاپور میں آدھی رات پیش آئے مبینہ اغوا کے واقعہ میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ پولیس نے لاپتہ نوجوان لڑکی کا سراغ لگا کر اسے ملک پیٹ علاقہ سے محفوظ حالت میں اپنے گھر میں پایا۔

 

باوثوق ذرائع کے مطابق موبائل فون لوکیشن اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر پولیس نے لڑکی تک رسائی حاصل کی۔واضح رہے کہ گزشتہ شب ایک سنسنی خیز واقعہ میں چار نوجوان ایک کار میں سوار ہو کر آئے تھے اور انہوں نے مبینہ طور پر ایک نوجوان لڑکی کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر اغوا کرنے کی کوشش کی تھی۔

 

بتایا جاتا ہے کہ لڑکی کسی طرح ان کے چنگل سے نکل کر قریبی خانگی دواخانہ میں داخل ہوگئی تھی تاہم وہاں بھی ملزمین پہنچ گئے اور عملے کو دھمکاتے ہوئے دوبارہ لڑکی کو گاڑی میں بٹھا کر فرار ہوگئے۔

 

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ہاسپٹل کے عملے نے فوری ڈائل 100 پر پولیس کو مطلع کیا جس کے بعد پولیس حرکت میں آگئی اور مشتبہ گاڑی کا تعاقب شروع کیا۔ تاہم گاڑی پر نمبر پلیٹ نہ ہونے کے سبب ملزمین پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

 

پولیس نے مختلف علاقوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جس دوران یہ انکشاف بھی ہوا کہ مشتبہ گاڑی کے پیچھے ایک موٹر سائیکل بھی چل رہی تھی۔ مسلسل تحقیقات اور تکنیکی شواہد کی مدد سے پولیس نے آخرکار لڑکی کو تلاش کرلیا جس کے بعد ارکان اور مقامی افراد نے راحت کی سانس لی۔

 

تاحال اغوا کے محرکات اور ملزمین کی شناخت کے تعلق سے مکمل تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں جبکہ پولیس اس سلسلہ میں مزید تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔اس دوران پولیس کی جانب کے متاثرہ لڑکی کا بیان قلم بند کیا جا رہا ہے۔

 

اس دوران معلوم ہوا ہے کہ اس لڑکی کا اغوا نہیں کیا گیا تھا بلکہ اسے زبردستی ساتھ لے جانے والے اس کی جان پہچان کے افراد تھے مزید تحقیقات جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button