تلنگانہ

چند گھنٹوں بعد لوک سبھا امیدواروں کی قسمت کا ہوگا فیصلہ _ ووٹوں کی گنتی کی تمام تیاریاں مکمل

حیدرآباد _ 4 جون ( اردولیکس) چند گھنٹوں بعد یعنی 4 جون منگل کی صبح 8 بجے سے لوک سبھا انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوگا۔ ملک بھر میں 543 لوک سبھا حلقوں میں 7 مرحلے میں پولنگ ہوئی تھی

 

اور منگل کی صبح سے ہی ووٹوں کی گنتی شروع ہوگی۔ اس مرتبہ کے لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں سیاسی جماعتوں کے قائدین، امیدواروں کے ساتھ ساتھ عام آدمی میں بھی کافی تجسس پایا جاتا ہے اور وہ کئی دنوں سے نتائج کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔ نتائج سے 48 گھنٹے قبل مختلف ٹی وی چینلس اور میڈیا ہاوز کی جانب سے جاری کردہ اگزٹ پول سروے رپورٹ کے بعد 4 جون کو جاری ہونے والے اصل نتائج کو جاننے کے لئے ہر کوئی بے چین نظر آرہا ہے۔

 

تلنگانہ کے 17 حلقوں میں اہم سیاسی جماعتوں کانگریس، بی آر ایس، بی جے پی اور کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے بشمول 525 امیدوارمقابلہ کررہے ہیں جن کی قسمت کا منگل کو فیصلہ ہوگا۔ ان امیدواروں میں قابل ذکر صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی، مرکزی وزیر کشن ریڈی، جیون ریڈی اور دیگر شامل ہیں۔ 13 مئی کو ہوئے لوک سبھا انتخابات کی رائے دہی میں 2 کروڑ 20 لاکھ 24 ہزار 906 رائے دہندوں نے اپنے ووٹ کے حق سے استفادہ کیا تھا۔ ووٹوں کی گنتی کے لئے 17 پارلیمانی حلقوں میں گنتی کے مراکز قائم کئے گئے ہیں

 

۔ 120 ہالس میں 1855 میزوں پر ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ 2 لاکھ 18 ہزار پوسٹل بیالٹ ووٹ کی گنتی کے لئے 19 ہالس میں 276 میزوں کو تیار کیا گیا ہے۔ شام 4 بجے تک ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کی توقع کی جارہی ہے

متعلقہ خبریں

Back to top button