حیدرآباد کے کئی علاقوں میں زوردار دھماکوں جیسی آوازیں، عوام میں خوف و ہراس

حیدرآباد: شہر کے راجندر نگر، اپر پلی، عطاپور، یرّہ بوڈہ، لنگر حوض اور کیشو سوامی نگر سمیت کئی علاقوں میں آج صبح تقریباً 9:15 بجے اچانک دھماکوں جیسی زوردار آوازیں سنائی دینے سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ آوازوں کی شدت سے کئی مکانات کی کھڑکیاں زور سے بجنے لگیں اور گھروں میں رکھے سامان میں بھی حرکت محسوس کی گئی۔ جس کو بعض افراد نے زلزلے کے جھٹکے قرار دیا ہے تاہم سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے
راجندر نگر کے بعض علاقوں میں چند سیکنڈ تک زمین میں لرزش محسوس ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زلزلے کے خدشے سے خوف زدہ افراد اپنے بچوں اور اہل خانہ کے ساتھ گھروں سے نکل کر سڑکوں پر آگئے، جس کے باعث بعض مقامات پر افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی راجندر نگر اور لنگر حوض پولیس چوکس ہوگئی اور متعلقہ علاقوں کا معائنہ شروع کردیا۔ زوردار آوازوں کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے پولیس تحقیقات کررہی ہے۔ واقعہ کی نوعیت کا پتہ لگانے اور شواہد جمع کرنے کے لیے بم اسکواڈ اور کلوز ٹیموں کو بھی متحرک کیا جارہا ہے۔ تاہم، ان آوازوں کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی ہے۔




