جنرل نیوز

پی ایل ایف/بانکی پور کلب کے زیر اہتمام نصرت رحمت گروپ صوفی قوالی کا اہتمام

پٹنہ ۔ نمائندہ اردو لیکس

اتوار کی سُہانی شام، بانکی پور کلب کا کھلا میدان، پر سکون ماحول اور اس ماحول میں گونجتی ہوئی موسیقی اور فضا میں تیرتی ہوئی پرکشش آواز جس نے لوگوں کو اپنی طرف کھینچ لیا۔ موقع تھا صوفیانہ قوالی کی محفل کا جسکا انعقاد مشہور ادبی اور ثقافتی تنظیم پٹنہ لٹریری فیسٹیول (پی ایل ایف)نے تاریخی حیثیت کی حامل بانکی پور کلب کے اشتراک سے کیا تھا۔

 

رحمت نصرت نام کی معروف ہلد وانی، اُترا کھنڈ ، سے آئے قوالی گروپ کے قوال سروجیت تمتا اور موسیقی اور کلام میں انکے ہم نواؤں نے اپنے ہنر سے فضا میں ایسا رنگ گھول دیا کہ سامعین اُسکے سحر میں ڈوب گئے۔ قوالی کی اس شام کا افتتاح بہار اسمبلی کے اسپیکر نند کشور یادو نے اپنی مختصر تقریر سے کیا۔ انہوں نے پی ایل ایف کو مبارکباد دیتے ہوئے

 

کہا کہ اس طرح کے پروگرام ہوتے رہنے چاہیے کیونکہ اس سے لوگوں کو ادب، ثقافت اور موسیقی سے لطف اندوز ہونے کا موقع میسر آتاہے۔ مہمان خصوصی نند کشور یادو نے دُرگا پوجا کے موقع پر برسوں پہلے مصلح پور میں قوالی کی راتوں کو یاد کیا۔ اپنے استقبالیہ کلمات میں پی ایل ایف کے بانی اور سیکرٹری خورشید احمد نے کہا کہ اس محفل کے انعقاد کا مقصد ہے صوفی کلام لوگوں کے دل و دماغ کو تازہ کر دے اور قوالی کی تاریخی روایات کو از سرِ نو تابندہ کردے۔

 

پروگرام کے انعقاد کے لیے تین شراکت داروں روزنامہ ا قومی تنظیم، بگ ایف ایم اور نیوز 4 نیشن اور تمام اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا جن کی مدد سے صوفی قوالی کا یہ خوبصورت پروگرام ممکن ہوا۔ ابتداء مین معززین اور فنکاروں کو اعزاز سے نوازا گیا۔ جن مین اسمبلی اسپیکر نند کشور یادو، قومی تنظیم کے مدیر اعلیٰ اور اُردو ایکشن کمیٹی کے چیئرمین اشرف فرید، جے پربھا میدانتا اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر روی شنکر سنگھ، وینس بلڈرز کے رشی چوہدری، کے علاوہ بگ ایف ایم اور نیوز 4 نیشن کے نمائندے شامل ہیں۔

 

پروگرام کی نظامت سونم گل نے بڑی خوبصورتی کے ساتھ مرصع اُردو میں کی۔ سرو جیت اور انکے ہم نواؤں نے معرف قوالی “اللہ ھو، اللہ ھو” سے قوالی کا آغاز کیا جس نے ماحول میں صوفیانہ رنگ گھول دیا۔پی ایل ایف کی طرف سے اُسکے مشیر فیضان احمد اور ممبران شیوجی چترویدی، عبید الرحمن ، راکیش رنجن، پنکج چوہدری نے پروگرام کی کامیابی میں شامل رہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button