تلنگانہ

وقف قانون کے خلاف چہارشنبہ کی رات بتی گل احتجاج کی اپیل

وقف قانون کے خلاف چہارشنبہ کی رات بتی گل احتجاج کی اپیل

پہلگام واقعہ کی شدید مذمت۔ یونائٹیڈ مسلم فورم کا بیان

حیدرآباد 29 اپریل (پریس نوٹ) یونائٹیڈ مسلم فورم نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی ایما پر وقف قانون 2025 کے خلاف چہارشنبہ 30 اپریل کو 9 بجے شب بتی گل احتجاج منظم کرنے کی عوام سے اپیل کی ہے۔ یونائٹیڈ مسلم فورم کے ذمہ داران مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم (صدر)، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا سید شاه حسن ابراهیم حسینی قادری سجاد پاشاہ، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی، مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ، جناب ضیا الدین نیئر، جناب سید منیر الدین احمد مختار (جنرل سکریٹری)، مولانا سید شاہ ظہیرالدین علی صوفی قادری، مولانا سید شاہ فضل الله قادری الموسوی، مولانا محمد شفیق عالم خان جامعی، مولانا سید مسعود حسین مجتہدی، مولانا مفتی محمد عظیم الدین انصاری، مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری، مولانا سید تقی رضا عابدی، مولانا ابوطالب اخباری، مولانا میر فراست علی شطاری ایڈوکیٹ سپریم کورٹ، جناب ایم اے ماجد، مولانا خواجہ شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاه، مولانا ظفر احمد جمیل حسامی، مولانا مفتی معراج الدین علی ابرار، ڈاکٹر نظام الدین، جناب خلیل الرحمٰن اور دیگر ارکان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وقف کا یہ سیاہ قانون ملک کے دستور کے خلاف ہے۔ اس کے ذریعہ ملک کی دوسری بڑی آبادی مسلمانوں کو حاشیہ پر لانے کی منظم سازش ہے۔

یونائٹیڈ مسلم فورم نے تلنگانہ و آندھرا پردیش کے تمام سیکولر شہریوں اور عامة المسلمین سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام چہارشنبہ 30 اپریل کو 9 بجے شب 10 منٹ کے لئے اپنے مکانات دوکانات ادارہ جات و دیگر تنصیبات پر لائٹ کو بند رکھیں. کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ نے بقرعید تک ایک احتجاجی لائحہ عمل جاری کیا ہے۔

فورم بورڈ کے اعلان کردہ تمام احتجاجی پروگرامس کی تائید کرتے ہوئے ان کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی اپیل کرتا ہے۔

یونائٹیڈ مسلم فورم نے پہلگام واقعہ کی شدید مذمت کی اور متاثرین کے تئیں کشمیری عوام کے جذبہ اخلاص کی ستائش کی۔ فورم کے ذمہ داروں نے پہلگام واقع کے بعد ملک میں سوشیل میڈیا کے ذریعہ مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کا حکومت سے مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button