ہیلت

جماعتِ اسلامی ہند ملک پیٹ کی جانب سے مفت میگا ہیلتھ کیمپ کا انعقاد ماہر ڈاکٹروں کی خدمات، لیب معائنوں اور مفت ادویات کی فراہمی — سینکڑوں افراد نے استفادہ کیا

جماعتِ اسلامی ہند ملک پیٹ کی جانب سے مفت میگا ہیلتھ کیمپ کا انعقاد
ماہر ڈاکٹروں کی خدمات، لیب معائنوں اور مفت ادویات کی فراہمی — سینکڑوں افراد نے استفادہ کیا

 

حیدرآباد، 26؍ اکتوبر (پریس ریلیز) جماعتِ اسلامی ہند ملک پیٹ، اعظم پورہ ڈویژن کے زیرِ اہتمام اور مسلم میٹرنٹی اینڈ چلڈرن ہاسپٹل کے اشتراک سے آج اعظم فنکشن ہال، اعظم پورہ میں ایک مفت میگا ہیلتھ کیمپ منعقد کیا گیا، جو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہا۔

کیمپ میں امراضِ عامہ، امراضِ نسواں، امراضِ چشم، ہڈیوں کے امراض اور امراضِ اطفال کے ماہر و تجربہ کار ڈاکٹروں نے رضاکارانہ خدمات انجام دیں۔ ناظمِ ڈویژن جناب جنید حفیظ کے مطابق، سیکڑوں مرد، خواتین اور بچوں نے بلا لحاظِ مذہب و ملت اس کیمپ سے استفادہ کیا۔ مریضوں کے لیے لیب معائنوں کی سہولت بھی فراہم کی گئی اور تمام مستفیدین کو مفت ادویات دی گئیں۔

 

جناب جنید حفیظ نے بتایا کہ اعظم پورہ اور اطراف کے علاقوں کے علاوہ دور دراز سے بھی لوگ کیمپ میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر امیرِ مقامی جماعتِ اسلامی ہند ملک پیٹ جناب محمد مجیب الاعلیٰ اور جناب سید محمد عبدالقادر ناصر، وائس پریسیڈنٹ مسلم میٹرنٹی اینڈ چلڈرن ہاسپٹل عثمان پورہ نے انتظامات کا جائزہ لیا اور منتظمین و والنٹیئرز کے خدمتِ خلق کے جذبے کو سراہا۔

جناب عبدالقادر ناصر نے کہا کہ جماعتِ اسلامی ہند حیدرآباد کی مقامی جماعتوں کے زیراہتمام ، فلاحِ عام کے مقصد کے تحت ان کیمپس کے انعقاد میں مسلم میٹرنٹی ہاسپٹل بھرپورتعاون فراہم کررہا ہے تاکہ علاج معالجے کی سہولت سماج کے ہر طبقے تک پہنچ سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی سلسلے کی اگلی کڑی کے طور پر ایک اور ہیلتھ کیمپ اتوار، 2؍ نومبر کو سعیدآباد کے نیو ایرا ہائی اسکول میں منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس کیمپ سے استفادہ کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button