ہیلت

کم نیند کا بھی حل موجود ! “سلیپ بینکنگ” طریقہ نوجوانوں میں تیزی سے مقبول

آج کے دور میں مناسب نیند حاصل کرنا بہت سے لوگوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ ملازمت کا دباؤ، امتحانات، نائٹ شفٹ، مسلسل سفر اور مصروف طرزِ زندگی کے باعث نیند کی کمی عام ہوتی جا رہی ہے۔ ایسے میں ماہرین ایک نئی تکنیک “سلیپ بینکنگ” کو مفید قرار دے رہے ہیں، جس کے ذریعے پہلے سے اضافی نیند لے کر بعد میں ہونے والی نیند کی کمی کے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

 

سلیپ بینکنگ کا مطلب یہ ہے کہ اگر آنے والے دنوں میں نیند کم ہونے کا امکان ہو تو اس سے پہلے چند دن تک روزانہ ایک یا دو گھنٹے اضافی نیند لی جائے تاکہ جسم اور دماغ کو پہلے ہی آرام فراہم کیا جا سکے۔ ماہرین کے مطابق اس طریقے سے نیند کی کمی کے باوجود دماغی چستی، توجہ اور کارکردگی کسی حد تک برقرار رہتی ہے۔

 

یہ تصور پہلی بار 2009 میں سامنے آیا تھا۔ ایک تحقیق میں کچھ افراد کو کئی دن تک زیادہ نیند دی گئی، بعد میں انہیں کم سونے کا موقع ملا۔ تحقیق میں دیکھا گیا کہ پہلے سے اضافی نیند لینے والے افراد میں تھکن کم تھی، توجہ بہتر رہی اور وہ جلد معمول کی حالت میں واپس آگئے۔

 

ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند صرف جسمانی آرام نہیں بلکہ دماغی کارکردگی، یادداشت، مزاج اور قوتِ مدافعت پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔ نیند کی کمی سے چڑچڑاپن، توجہ میں کمی اور ردعمل سست ہونے جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ ایسے میں اضافی نیند جسم کے لیے ایک حفاظتی دیوار کا کام کرتی ہے۔

 

تحقیقات کے مطابق سلیپ بینکنگ خاص طور پر ڈاکٹروں، نائٹ شفٹ ملازمین، مسلسل سفر کرنے والوں اور امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ متوقع مصروف دنوں سے پہلے 3 سے 7 دن تک روزانہ اضافی نیند لی جائے، جلد سونے کی عادت اپنائی جائے، موبائل اور اسکرین ٹائم کم کیا جائے اور پرسکون ماحول میں نیند لی جائے۔

 

تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ سلیپ بینکنگ مستقل حل نہیں ہے۔ یہ صرف عارضی طور پر نیند کی کمی کے اثرات کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ صحت مند زندگی کے لیے روزانہ 7 سے 9 گھنٹے معیاری نیند لینا ہی سب سے بہتر طریقہ ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button