شدید گرمی سے آتے ہی اے سی میں بیٹھنا خطرناک – سر درد، سانس کی تکلیف اور دیگر بیماریوں کا خطرہ
شدید گرمی سے آتے ہی فوراً اے سی میں بیٹھنا خطرناک! ماہرین نے ’’حرارتی جھٹکے‘‘ اور سنگین بیماریوں سے خبردار کردیا

شدید گرمی سے آتے ہی فوراً اے سی میں بیٹھنا خطرناک! ماہرین نے ’’حرارتی جھٹکے‘‘ اور سنگین بیماریوں سے خبردار کردیا
نیو یارک: جھلسا دینے والی گرمی سے پریشان لوگ جیسے ہی گھر پہنچتے ہیں فوراً اے سی چلا کر ٹھنڈک حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، مگر ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ یہ عادت جسم کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے اور کئی طبی پیچیدگیوں کو جنم دے سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق انسانی جسم درجہ حرارت کو متوازن رکھنے کے لیے مسلسل کام کرتا ہے۔ شدید گرمی میں جسم پسینہ خارج کرکے اور خون کی نالیوں کو پھیلا کر خود کو ٹھنڈا رکھنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن اچانک انتہائی ٹھنڈے اے سی والے ماحول میں داخل ہونے سے جسم کو ’’حرارتی جھٹکا‘‘ لگ سکتا ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس اچانک تبدیلی کے نتیجے میں سر درد، گلے میں خراش، کھانسی، سانس لینے میں دشواری، جسمانی تھکن اور بے چینی جیسی علامات ظاہر ہوسکتی ہیں۔ بعض افراد میں یہ کیفیت زیادہ سنگین شکل بھی اختیار کرسکتی ہے۔
ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ دھوپ یا شدید گرمی سے واپس آنے کے فوراً بعد سیدھا اے سی میں جانے کے بجائے چند منٹ نارمل یا سایہ دار ماحول میں گزاریں تاکہ جسم آہستہ آہستہ درجہ حرارت کی تبدیلی کو برداشت کرسکے۔
ماہرین کے مطابق گرمی کے موسم میں جسم میں پانی کی کمی بھی عام ہوجاتی ہے، جس کے باعث اچانک ٹھنڈا ماحول جسم پر مزید دباؤ ڈال سکتا ہے۔ اسی لیے مناسب مقدار میں پانی پینا اور خود کو ہائیڈریٹ رکھنا بے حد ضروری ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اے سی کی خشک ہوا گلے میں خشکی، جلن اور کھانسی کا سبب بن سکتی ہے، خاص طور پر جب درجہ حرارت بہت کم رکھا جائے یا ٹھنڈی ہوا براہ راست جسم پر پڑے۔
صحت ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی اور ٹھنڈک کے درمیان مناسب توازن، معتدل درجہ حرارت، زیادہ پانی کا استعمال اور احتیاطی تدابیر ہی بہتر صحت کی ضمانت ہیں، کیونکہ بعض اوقات فوری سکون کے بجائے تھوڑا صبر انسان کو بڑی بیماریوں سے بچا سکتا ہے۔




