جرائم و حادثات

چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خودساختہ پی اے کا ڈرامہ بے نقاب — وزراء کے ساتھ تصاویر دکھا کر کروڑوں وصول کرنے والا گرفتار

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا پرسنل اسسٹنٹ ظاہر کرتے ہوئے بڑے بڑے بزنس مین سے کروڑوں روپے کا مطالبہ کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

 

پولیس کے مطابق ضلع میدک کے شیوم پیٹ منڈل کے منیرآباد گاؤں کے مضافات میں واقع آر آر ریئل اسٹیٹ کمپنی کے مالک کو فون کرکے خود کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کا پرسنل اسسٹنٹ ظاہر کرنے والا شیوم پیٹ گاؤں کا رہنے والا اُپّل سنتوش گپتا نے رقم کا مطالبہ کیا تھا۔

 

ملزم نے کمپنی مالکان کو بتایا کہ ان کی زمین کا معاملہ مسائل سے دوچار ہے اور اس کے ریاستی وزراء سے قریبی تعلقات ہیں۔ اس نے دعویٰ کیا کہ اگر رقم دی جائے تو وہ تمام مسائل حل کرا سکتا ہے۔

 

آر آر ریئل اسٹیٹ کمپنی کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے سنتوش گپتا کو گرفتار کرلیا۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے انکشاف کیا کہ ملزم وزراء کے ساتھ لی گئی تصاویر دکھا کر بزنس مین افراد کو دھمکاتا اور اثر و رسوخ کا خوف دلا کر رقم وصول کرنے کی کوشش کرتا تھا۔

 

حیدرآباد کے قطب اللہ پور، کومپلی، سُچترا اور میڑچل کے اطراف علاقوں میں زمین کے تنازعات اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنا کر بھاری رقم وصول کرنے والے ملزم سنتوش کمار گپتا کی سرگرمیوں سے متعلق مزید چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

 

پولیس تحقیقات کے مطابق ملزم ریئل اسٹیٹ کاروبار میں موجود خامیوں کو ہدف بناتے ہوئے آر ٹی آئی قانون کے نام پر ریئلٹروں کو بلیک میل کرتا تھا۔ وہ عالیشان ہوٹلوں کو اڈہ بنا کر مختلف قسم کے سیٹلمنٹ انجام دیتا تھا اور خود کو بااثر شخصیت ظاہر کرکے کاروباری افراد کو خوفزدہ کرتا تھا۔

 

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ منیرآباد میں واقع “آرو ریالٹی” کمپنی کے ذمہ داران کو بھی سنتوش کمار گپتا نے دھمکایا تھا۔ اس نے کمپنی انتظامیہ سے 6 کروڑ روپے مالیت کے 5 ولاز یا پھر 25 کروڑ روپے نقد دینے کا مطالبہ کیا تھا

 

کمپنی انتظامیہ کی شکایت پر میڑچل پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔ بعد ازاں پولیس نے ملزم کی تلاش کے لیے خصوصی کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ پولیس اب اس بات کی بھی جانچ کررہی ہے کہ آیا اس دھوکہ دہی اور بھتہ خوری کے نیٹ ورک میں مزید افراد بھی شامل ہیں یا نہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button