صحارا کے ریگستان میں پانی نہ ملنے سے 49 افراد ہلاک، دل دہلا دینے والا سانحہ
حیدراباد – 6جون ( اردو لیکس ڈیسک) مغربی افریقہ میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں صحارا کے ریگستان میں پینے کا پانی نہ ملنے کے باعث 49 افراد ہلاک ہوگئے۔ حکام کے مطابق یہ افراد ایک ٹرک میں سفر کر رہے تھے جو راستے میں خراب ہو کر رک گیا، جس کے نتیجہ میں مسافر کئی دنوں تک بے یار و مددگار ریگستان میں پھنسے رہے۔ یہ دلخراش واقعہ افریقی ملک نائیجر میں پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق نائیجر کے چند شہری اپنے رشتہ داروں کے ساتھ تہوار منانے کے لئے پڑوسی ملک مالی گئے تھے۔ تقریب ختم ہونے کے بعد واپسی کے دوران ان کا ٹرک اساماکا نامی سرحدی علاقے سے تقریباً 80 کلومیٹر دور خراب ہو کر رک گیا۔ چونکہ یہ علاقہ انتہائی ویران تھا، اس لئے انہیں فوری مدد حاصل نہ ہو سکی۔ ڈرائیور اور دیگر مسافروں نے ٹرک کی مرمت کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکے، جس کے باعث وہ کئی دنوں تک ریگستان میں محصور رہے۔
اس دوران ان کے پاس موجود پانی کا ذخیرہ ختم ہوگیا اور آس پاس کہیں پانی دستیاب نہ ہونے کے باعث مسافر شدید پیاس کا شکار ہوگئے۔ بالآخر دو افراد تقریباً 50 کلومیٹر سے زائد پیدل چل کر ایک مقام تک پہنچے جہاں انہوں نے پانی پیا اور پھر اساماکا شہر پہنچ کر حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا۔
اطلاع ملتے ہی حکام موقع پر پہنچے تو انتہائی دردناک مناظر سامنے آئے۔ حکام کے مطابق ٹرک کے اطراف درجنوں نعشیں پڑی ہوئی تھیں۔ شدید گرمی، حبس اور پانی کی عدم دستیابی کے باعث 49 افراد فوت ہو گئے۔
حکام نے بتایا کہ ٹرک کس وجہ سے خراب ہوا اور مسافر کتنے دنوں تک ریگستان میں پھنسے رہے، اس بارے میں ابھی واضح معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق عام طور پر شہری اس صحرائی راستے سے سفر نہیں کرتے، البتہ افریقہ کے مختلف ممالک سے یورپ ہجرت کرنے والے افراد اکثر اسی راستے کا استعمال کرتے ہیں۔ ماضی میں بھی اس راستے پر شدید گرمی، بھوک اور پیاس کے باعث متعدد افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔





