14 سالہ لڑکی کی ہارٹ اٹیک سے موت

نئی دہلی: گجرات میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں رشتہ داروں کے ساتھ ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے کے بعد باہر کھیل رہی ایک نوعمر لڑکی اچانک زمین پر گر پڑی۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم دورانِ علاج وہ جانبر نہ ہو سکی۔
ڈاکٹروں کا ابتدائی طور پر ماننا ہے کہ ممکنہ طور پر اس کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی ہے۔گجرات کے ضلع جام نگر سے تعلق رکھنے والی 14 سالہ آنندی مودی گرمیوں کی تعطیلات کے دوران راجکوٹ میں اپنے ماموں کے گھر گئی ہوئی تھی۔
اتوار کی شام خاندان کے تمام افراد ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے گئے تھے۔ کھانے کے بعد آنندی باہر نکلی اور وہاں موجود دیگر بچوں کے ساتھ کھیلنے لگی۔ اسی دوران وہ دوڑتے ہوئے اچانک زمین پر گر پڑی۔خاندان کے افراد نے فوری طور پر اسے اسپتال پہنچایا
لیکن ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود اس کی جان نہ بچائی جا سکی۔ اگرچہ ابتدائی طور پر دل کے دورے کو موت کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی اصل سببِ موت کی مکمل تفصیلات سامنے آئیں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کھیل کود یا دوڑنے کے دوران بچوں اور نوجوانوں کے اچانک گر کر جان گنوانے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ سال 2024 میں اتر پردیش کے علی گڑھ میں ایک اسکول کی کھیلوں کی مقابلے میں حصہ لینے
والے نوعمر طالب علم موہت چودھری کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی تھی۔ اسی سال علی گڑھ میں 20 سالہ ممتا بھی دوڑنے کے دوران اچانک گر کر ہلاک ہوگئی تھی۔



