ٹی یو ڈبلیو جے یو کی صحافیوں کے بچوں کو خانگی اسکولوں میں 100 فیصد فیس کی رعایت دینے کی نمائندگی، کلکٹر ورنگل کا مثبت تیقن

ٹی یو ڈبلیو جے یو کی صحافیوں کے بچوں کو خانگی اسکولوں میں 100 فیصد فیس کی رعایت دینے کی نمائندگی، کلکٹر ورنگل کا مثبت تیقن
ورنگل- 8/ جون (نمائندہ خصوصی) تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین (ٹی یو ڈبلیو جے یو) ضلع ورنگل کی جانب سے ضلع کلکٹر ورنگل کو ایک اہم یادداشت پیش کی گئی۔ اس یادداشت میں مطالبہ کیا گیا کہ ضلع کے نجی تسلیم شدہ اسکولوں میں زیر تعلیم منظور شدہ ورکنگ جرنلسٹس کے بچوں کو 100 فیصد فیس معافی فراہم کی جائے۔
ضلع کنوینر ٹی یو ڈبلیو جے یو مرزا فتح اللہ بیگ کی قیادت میں صحافیوں کے وفد نے کلکٹر سے ملاقات کی۔ نمائندگی میں واضح کیا گیا کہ صحافی جمہوریت کے چوتھے ستون کی حیثیت رکھتے ہیں اور عوام تک حقائق پر مبنی معلومات پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کے باوجود ضلعی سطح کے بیشتر صحافی محدود آمدنی کے باعث اپنے بچوں کی بڑھتی ہوئی تعلیمی فیس ادا کرنے سے قاصر ہیں۔
مہنگائی کے اس دور میں بچوں کی تعلیم کا بوجھ صحافیوں کے لیے پریشانی کا سبب بن رہا ہے۔ منظور شدہ صحافیوں کے بچوں کو بھی نجی اسکولوں میں مکمل فیس رعایت دی جائے تاکہ ان کے بچوں کا تعلیمی مستقبل محفوظ ہو سکے۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر ورنگل نے صحافی وفد کی بات توجہ سے سنی اور مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ کلکٹر نے تیقن دیا کہ صحافیوں کے اس اہم مسئلے پر سنجیدگی سے غور و فکر کیا جائے گا اور متعلقہ محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد بہت جلد مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلع کلکٹر کے اس مثبت تیقن پر صحافی برادری نے اطمینان کا اظہار کیا۔ وفد میں شامل صحافیوں نے کلکٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ضلعی انتظامیہ صحافیوں کے بچوں کے تعلیمی مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد عملی اقدام کرے گی۔
صحافیوں کا کہنا تھا کہ اگر یہ مطالبہ منظور ہوتا ہے تو ضلع بھر کے سینکڑوں صحافی خاندانوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ اس موقع پر کلکٹر سے ملاقات کرنے والے وفد میں محمد فضل الرحمٰن واجد، محمد عبدالرزاق اکرم، محمد ریاض الدین، شیخ جاوید انصاری، محمد غلام رسول سمیر، محمد مجتبٰی رضا الرحمٰن، سید صدیق حسین، محمد امیر مدثر ناز کے علاوہ اور دیگر موجود تھے۔



