تلنگانہ میں جنوب مغربی مانسون کی آمد، ریاست میں موسم برسات کا آغاز

حیدرآباد: تلنگانہ کے لیے خوشخبری ہے کہ جنوب مغربی مانسون پیر کے روز ریاست میں داخل ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون نے ریاست کے گدوال ضلع میں قدم رکھا جس کے ساتھ ہی تلنگانہ میں باقاعدہ طور پر
موسمِ برسات کا آغاز تصور کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی مانسون اس سے قبل کیرالہ، تمل ناڈو اور کرناٹک میں مکمل طور پر پھیل چکا ہے،جبکہ آندھرا پردیش اور مہاراشٹر کے تقریباً 30 فیصد علاقوں تک بھی اس کی
رسائی ہو چکی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے اتوار کو جاری کردہ بلیٹن میں بتایا گیا تھا کہ مانسون آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور تک پہنچ چکا ہے اور تلنگانہ کی جنوبی سرحد میں داخل ہونے کے قریب ہے۔ محکمہ کی پیش گوئی کے
مطابق مانسون پیر کے روز تلنگانہ میں داخل ہو گیا۔ماہرین کے مطابق مانسون کی آمد کے بعد ریاست کے مختلف اضلاع میں بارش کی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے
جس سے کسانوں اور زرعی شعبے کو خاص طور پر فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔




