رعیتو ڈسکام کے نام پر مفت بجلی ختم کرنے کی سازش : کے کویتا

رعیتو ڈسکام کے نام پر مفت بجلی ختم کرنے کی سازش
*کسانوں کے مسائل کی عدم یکسوئی پر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا انتباہ*
*نلگنڈہ میں گول میز کانفرنس۔ صدر ٹی آر ایس کے کویتا کا خطاب*
سربراہ تلنگانہ رکشنا کلواکنٹلہ کویتا نے نلگنڈہ میں کسانوں کے مسائل پر منعقدہ راؤنڈ ٹیبل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اب تک محکمہ زراعت پر ایک بھی جائزہ اجلاس منعقد نہیں کیا جس سے کسانوں کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کسان بھروسہ اور قرض معافی جیسے وعدوں کو نظر انداز کر تے ہوئے کسانوں کو شدید مشکلات میں ڈال رہی ہے۔کویتا نے کہا کہ ریاست میں سرکاری اسکولوں کو کم کرنے کی بات کی جارہی ہے۔ اب کسانوں کے لئے بھی مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں اور "رعیتو ڈسکام” کے نام پر مفت بجلی ختم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ نلگنڈہ ضلع سے تعلق رکھنے والا ایک وزیر بڑے پیمانے پر اسائنڈ زمینیں خرید رہا ہے اور امکان ظاہر کیا کہ انتخابات سے قبل ان زمینوں کو حقوق دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ میں آبی ذخائر (ریزروائرز) کی عدم موجودگی کے باعث کسان شدید مشکلات کا شکار ہیں، مگر حکومت اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔
کویتا نے مزید کہا کہ ریاست بھر میں کسانوں کی حالت نہایت دگرگوں ہے اور فصل تیار ہونے کے باوجود انہیں سرمایہ کاری کی امداد فراہم نہیں کی گئی جس کے باعث کسان قرض لینے اور اپنی جمع پونجی گروی رکھنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے دھان کی خریداری میں بھی کسانوں پر اضافی بوجھ ڈالا ہے
اور فی کنٹل وزن میں کٹوتی کے ذریعہ انہیں نقصان پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کسانوں کے مسائل پر بڑے پیمانے پر تحریک نہیں چلائی جائے گی حکومت حرکت میں نہیں آئے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تلنگانہ رکشنا سینا کسانوں کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔
کویتا نے پارٹی کے پانچ بنیادی نکات، مفت تعلیم، مفت علاج، کسانوں کو عزت، نوجوانوں کو روزگار اور سماجی انصاف کا ذکر کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس جدوجہد میں شامل ہوں اور پارٹی کو اپنی تجاویز دیں۔
انہوں نے آخر میں خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر کسانوں کے مسائل حل نہ کئے تو بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ قبل ازیں تلنگانہ رکشنا سینا سربراہ کلواکنٹلہ کویتا نے کلاک ٹاور سرکل کے نزدیک پارٹی پرچم لہرایا۔


