جگتیال کل ہند مشاعرہ کے پوسٹر کی ڈی جی پی سی وی آنند کے ہاتھوں رسمِ اجرا
28 جون کو رائل فنکشن ہال، جگتیال میں ملک کے نامور شعراء کی شرکت متوقع

جگتیال: اتحاد ملت اسلامیہ ہند جگتیال اور مسکان ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام 28 جون بروز اتوار ایک عظیم الشان کل ہند مشاعرہ جگتیال کے نظام آباد روڈ پر واقع رائل فنکشن ہال میں منعقد ہوگا۔
اس سلسلہ میں مشاعرہ کے پوسٹر کی رسمِ اجرا حیدرآباد میں تلنگانہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) سی وی آنند کے ہاتھوں انجام دی گئی۔
چیئرمین اتحاد ملت اسلامیہ ہند جگتیال محمد محمود علی افسر نے بتایا کہ اس کل ہند مشاعرہ میں ملک بھر کے معروف اور ممتاز شعراء شرکت کرتے ہوئے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کریں گے۔
رسمِ اجرا کی تقریب میں کنوینر مشاعرہ محمد محمود علی افسر، نگرانِ مشاعرہ مسیح الدین افسر، صدر مسیحا فاؤنڈیشن انجینئر مسیح الدین افسر، خواجہ ایوب علی احسن (این آر آئی) اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
مشاعرہ میں معروف شعراء ابرار کاشف، حسن کاظمی، کسک ہریانوی، ارشاد انجم، نعیم نواز، محترمہ الزبتھ مونا، سید خادم رسول، آرزو مہک اور اشفاق اصفی سمیت دیگر شعراء شرکت کریں گے، جبکہ مقامی و میزبان شعراء بھی اپنا کلام پیش کریں گے۔
منتظمین نے ادب نواز حضرات اور شعر و ادب کے شائقین سے کثیر تعداد میں شرکت کرکے مشاعرہ کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔



