جرائم و حادثات

شادی کی تقریب سے واپسی کے دوران المناک حادثہ، دو دوست جاں بحق، دو شدید زخمی – تلنگانہ کے جنگاوں ضلع میں حادثہ

جنگاوں سے محمد ظہیر الدین عظیم  کی رپورٹ 

جنگاؤں: شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد گھر واپس لوٹ رہے چار دوست ایک بھیانک سڑک حادثے کا شکار ہوگئے، جس کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ یہ افسوسناک حادثہ تلنگانہ کے جنگاؤں ضلع میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پیش آیا، جس سے مہلوکین کے خاندانوں میں کہرام مچ گیا۔

 

تفصیلات کے مطابق جنگاؤں ضلع کے لنگالہ گنپورم منڈل کے نواب پیٹ کے قریب ایک تیز رفتار لاری اور کار کے درمیان زبردست تصادم ہوگیا۔ ٹکر اس قدر شدید تھی کہ کار بری طرح تباہ ہوگئی اور اس میں سوار دو نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہوگئے۔

 

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ورنگل کے رہنے والے عمران اور سبحانی کے طور پر کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چاروں دوست اپنے ایک قریبی دوست کی شادی میں شرکت کے لیے مریال گوڑہ گئے تھے اور تقریب سے واپسی کے دوران یہ المناک حادثہ پیش آیا۔

 

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

 

اس افسوسناک واقعہ کی خبر پھیلتے ہی مہلوکین کے آبائی علاقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی اور اہل خانہ پر رنج و الم کے پہاڑ ٹوٹ پڑے۔ مقامی افراد نے بھی حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button