نارائن پیٹ میں انٹیگریٹڈ مارکیٹ کا دوبارہ آغاز، عوام ہفتہ وار مارکیٹ سے بھرپور استفادہ کریں: کلکٹر پرینکا

نارائن پیٹ میں انٹیگریٹڈ مارکیٹ کا دوبارہ آغاز، عوام ہفتہ وار مارکیٹ سے بھرپور استفادہ کریں: کلکٹر پریانکا

نارائن پیٹ: 12 جون (اردو لیکس) نارائن پیٹ ضلع کلکٹر سی ایچ پرینکا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلع مرکز میں دوبارہ شروع کی گئی انٹیگریٹڈ مارکیٹ سے بھرپور استفادہ کریں۔ جمعہ کے روز انہوں نے نارائن پیٹ میں واقع انٹیگریٹڈ مارکیٹ یارڈ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کلکٹر نے کہا کہ ہر جمعہ یہاں مختلف اقسام کی نامیاتی سبزیاں، پھل، پھول، غذائی اجناس، خواتین خود امدادی گروپوں کی تیار کردہ مصنوعات، راگی لڈو، جوٹ کے تھیلے، مٹی کے برتن و زیورات، اچار، بانس کی مصنوعات، ہینڈلوم ساڑھیاں، دستکاری اشیاء اور کمہاروں کی مصنوعات فروخت کے لیے دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مارکیٹ کے دوبارہ آغاز کا مقصد غیر استعمال شدہ مارکیٹ کمپلیکس کو کارآمد بنانا اور قدرتی کاشتکاری کے ذریعے پیدا کی گئی زرعی مصنوعات کو بہتر مارکیٹنگ کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ کلکٹر نے بتایا کہ نامیاتی کھادوں کی تیاری، نمائش اور فروخت کے ساتھ ساتھ مقامی مصنوعات کی آن لائن فروخت کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خواتین خود امدادی گروپوں کی تیار کردہ مصنوعات کی حوصلہ افزائی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ان کی معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ کلکٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہر جمعہ منعقد ہونے والی اس ہفتہ وار مارکیٹ سے فائدہ اٹھائیں اور کیمیکل سے پاک غذائی اشیاء خرید کر اپنی صحت کا تحفظ کریں۔
انہوں نے متعلقہ محکموں اور میونسپل انتظامیہ کو ہدایت دی کہ ہر ہفتہ مارکیٹ میں اسٹالز کے انعقاد کو یقینی بنائیں تاکہ خواتین خود امدادی گروپوں کو روزگار اور آمدنی کے بہتر مواقع فراہم کیے جاسکیں۔
اس موقع پر ڈی آر ڈی اے وینکٹ رامولو، ضلع زرعی افسر سکریا نائک، ہارٹیکلچر افسر سائی بابا، میونسپل کمشنر شنکر، مارکیٹ چیئرمین شیوا ریڈی، نائب چیئرپرسن منجولا، بی جے پی ضلع صدر ستیہ یادو، وارڈ کونسلر ستیاما، کونسلر بھرت، ضلع خواتین فیڈریشن کی صدر اروندھتی اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔



