نیشنل

پاسپورٹ شہریت کا ثبوت نہیں – صرف سفری دستاویز ہے: مرکزی حکومت

نیہ دہلی : ہندوستانی حکومت نے واضح کیا ہے کہ پاسپورٹ صرف ایک سفری دستاویز (ٹریول ڈاکومنٹ) ہے، شہریت کا ثبوت نہیں۔ پاسپورٹ سیوا دیوس کے موقع پر وزارتِ خارجہ کے حکام نے کہا کہ پاسپورٹ بیرونِ ملک ہندوستانی شہریوں کی قومیت کی تصدیق کرتا ہے، تاہم اسے شہریت کی دستاویز نہیں سمجھا جا سکتا۔

 

حکام کے مطابق پاسپورٹ جاری کرنے سے قبل درخواست گزار کی تفصیلات کی سخت جانچ کی جاتی ہے اور مختلف سرکاری دستاویزات کی بنیاد پر منظوری دی جاتی ہے۔ حکومت نے بتایا کہ گزشتہ سال ای پاسپورٹ متعارف کرانے کے بعد اب تک 1.47 کروڑ ای پاسپورٹ جاری کئے جا چکے ہیں۔

 

ای پاسپورٹ میں الیکٹرانک چِپ، ذاتی معلومات اور بایومیٹرک ڈیٹا محفوظ ہوتا ہے، جس سے سکیورٹی میں اضافہ اور جعلسازی کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ نئے جاری ہونے والے تمام پاسپورٹس میں چِپ شامل کی جا رہی ہے، جس سے امیگریشن کلیئرنس بھی تیز اور آسان ہو گی۔

 

پاسپورٹ شہریت کا ثبوت نہیں؟ مرکزی حکومت کے وضاحتی بیان کے بعد بحث تیز

 

حالیہ مہینوں میں ہندوستانی شہریت سے متعلق سوالات ایک بار پھر بحث کا موضوع بن گئے ہیں۔ چہارشنبہ کے روز مرکزی حکومت نے واضح کیا کہ پاسپورٹ، اگرچہ سخت جانچ پڑتال کے بعد جاری کیا جاتا ہے، لیکن قانونی طور پر ہندوستانی شہریت کا حتمی ثبوت نہیں ہے۔

 

ماہرین کے مطابق پاسپورٹ بنیادی طور پر ایک سفری اور شناختی دستاویز ہے، جو بیرونِ ملک کسی شخص کی قومیت ظاہر کرتی ہے، لیکن یہ خود شہریت کا ناقابل تردید ثبوت نہیں سمجھی جاتی۔ پاسپورٹ ایکٹ 1967 کی دفعہ 6 کے تحت غیر شہری کو پاسپورٹ جاری نہیں کیا جا سکتا، تاہم دفعہ 20 حکومت کو عوامی مفاد میں کسی غیر شہری کو بھی پاسپورٹ جاری کرنے کا اختیار دیتی ہے۔

 

عدالتیں بھی متعدد مواقع پر یہ واضح کر چکی ہیں کہ پاسپورٹ، آدھار، پین کارڈ یا ووٹر آئی ڈی جیسے شناختی دستاویزات اکیلے کسی شخص کی شہریت ثابت نہیں کرتے۔ 2013 میں بمبئی ہائی کورٹ نے قرار دیا تھا کہ پیدائش کا سرٹیفکیٹ، پاسپورٹ اور آدھار کارڈ بھی بعض صورتوں میں شہریت کا کافی ثبوت نہیں ہیں۔

 

حال ہی میں "بابو عبدالسردار بنام ریاست مہاراشٹرا” مقدمہ میں بمبئی ہائی کورٹ نے کہا کہ شہریت سے متعلق معاملات کا فیصلہ صرف شہریت ایکٹ 1955 کے تحت کیا جا سکتا ہے، نہ کہ شناختی دستاویزات کی بنیاد پر۔

 

اسی پس منظر میں یہ سوال مزید اہم ہو گیا ہے کہ اگر پاسپورٹ بھی شہریت کا حتمی ثبوت نہیں تو پھر کون سی دستاویز اس مقصد کے لیے قابل قبول ہے؟ ہندوستان میں فی الحال ایسا کوئی قومی شہریت کارڈ موجود نہیں جو قطعی طور پر شہریت ثابت کرے۔ ووٹر آئی ڈی صرف ووٹر رجسٹریشن، پین کارڈ ٹیکس امور اور راشن کارڈ فلاحی اسکیموں سے وابستگی ظاہر کرتا ہے، لیکن ان میں سے کوئی بھی دستاویز تنہا شہریت کا حتمی ثبوت نہیں سمجھی جاتی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button