اسلام صرف اخلاق وکردار کی بنیاد پر پروان چڑھا – ایوان میں پروفیسر مسعود احمد و ڈاکٹر فاروق شکیل کا خطاب

حیدرآباد۔ (راست) ایوان احمد ملک پیٹ حیدرآباد کے زیر اہتمام ہفتہ واری ادبی نشست، رباط محبان اردو علی عبداللہ انکلیو میں منعقد ہوئی۔ مخدوم ایوارڈ یافتہ استاد شاعر ڈاکٹر فاروق شکیل نے صدارت کی۔ جناب محمد منور حسین صدر بزم احمد حسین، جناب محمد فاروق مالک آعظم فنکشن ہال اور جناب ظفر فاروقی بطور مہمانان خصوصی شریک رہے۔
کنوینر پروفیسر محمد مسعود احمد چیف آپریٹنگ آفیسر رینووا بی بی کینسر ہاسپٹل ملک پیٹ حیدرآباد نے خیرمقدمی خطاب میں کہا کہ اسلامی تعلیمات اورمسلمانوں کے حسن سلوک سے ساری دنیا متاثر ہے۔ اسلام صرف اور صرف اخلاق اور کردار کے ذریعے پروان چڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جتنی بھی انسانی قربانیاں دی گئی ہیں وہ واقعہ کربلا سے ممتاز نہیں ہو سکتیں۔
واقعہ کربلا نےساری دنیا کو متاثر کیا۔ حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ نے باطل طاقت کے سامنے سر کٹانا پسند کیا لیکن انہوں نے اپنا سر نہیں جھکایا۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم باطل طاقتوں سے نہ ڈریں۔ جناب محمد فاروق نے کہا کہ اردو زبان سے متعلق بار بار یہ کہا جاتا ہے کہ اردو زبان کے ساتھ حکومت کا رویہ سوتیلاہےلیکن ہم خود اردو پڑھنا ،لکھنا تو کجا روز مرہ کی گفتگو کے دوران بے دریغ انگریزی الفاظ استعمال کرتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں۔
ہمیں اردو کے ساتھ خود اپنے رویہ پر غور کرناچاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان احمد میں ,جو ادبی تہذیبی اور ثقافتی محفل منعقد کی جا رہی ہیں اس کے لیے پروفیسر محمد مسعود احمد قابل مبارکباد ہیں۔ انہوں انہوں نے کہا کہ ایسی محفلوں میں شعرا حضرات اور ادیب حضرات اپنے بچوں کو بھی ان محفلوں کا حصہ بنائیں۔ اس سے نئی نسل میں اردو سے دلچسپی پیداہوگی۔ انہوں نے کہا ہمارا دینی سرمایہ اردو زبان میں ہے۔ جناب محمد اعظم خان تلنگانہ اسکالرس اسکول حیدرآباد نے کہا کہ ہر ہفتہ اردو برادری کا آپس میں مل بیٹھنا اور اردو زبان سے متعلق تبادلہ خیال کرنا یہ بہت ہی اہم مشغلہ ہے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ شعراء کرام انفرادی سطح پر بھی اردو کی ترقی میں اپنا حصہ ادا کرین۔ ممتاز شاعر جناب لطیف الدین لطیف نے نظامت کی۔ شعری نشست ڈاکٹر فاروق شکیل کی نگران منعقد ہوئی۔ جس میں جناب ظفر فاروقی، پروفیسر محمد مسعود احمد، ارشد شرفی، نجیب احمد نجیب، جہانگیرقیاس، ثنا اللہ انصاری وصفی، میر مقبول علی مقبول، عظمت اللہ جعفری، تشکیل انور رزاقی، سلیمان صدیقی اعتبار، اور لطیف الدین لطیف نے کلام پیش کیا۔
حج سے واپسی پر جناب ظفر فاروقی کو پروفیسر مسعود احمد فاروقی نےتہنیت پیش کی جناب منور حسین اور جناب محمد فاروق کو بھی تہنیت پیش کی گئی۔ اس محفل میں جناب عارف معین، جناب اعظم ہاشمی (منصف ٹی وی )جناب عبداللطیف جنرل مینیجر ایچ ایچ ٹی سی ایس،مظفر اللہ حال مقیم سعودی عرب ودیگر نے شرکت کی۔



