تلنگانہ

حیدرآباد ۔واش روم میں بچہ کو جنم دینے کا واقعہ۔ طالبہ کے رشتہ دار سے ناجائز تعلقات کا انکشاف

حیدرآباد: گولکنڈہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں طالبہ کی جانب سے بچہ کو جنم دینے اور پھر اسے کھڑکی سے پھینک دینے کے معاملے کی تحقیقات کے دوران پولیس کو بعض حقائق کا انکشاف ہوا ہے۔

 

پولیس کے مطابق 23 جون 2026 کو تلنگانہ مائنارٹی جونیئر کالج فار گرلز، بڑا بازار، گولکنڈہ کی پرنسپل نے اس سلسلے میں شکایت درج کروائی۔ انہوں نے بتایا کہ صبح تقریباً 9 بجے ڈیوٹی پر پہنچنے کے بعد جب اپنے دفتر کی کھڑکی کھولی تو انہیں کالج کے قریب واقع ای ایس آئی ڈسپنسری کی دیوار کی چھت پر ایک نوزائیدہ بچہ کی نعش نظر آئی۔

 

واقعے کی اطلاع ملنے پر کالج انتظامیہ نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا۔ فوٹیج میں دیکھا گیا کہ 23 جون کی صبح تقریباً 4:30 بجے کالج ہاسٹل میں مقیم ایک 19 سالہ انٹرمیڈیٹ سال دوم کی طالبہ واش روم گئی اور بعد میں اپنے کمرے میں واپس چلی گئی۔

 

پرنسپل کی جانب سے پوچھ گچھ کرنے پر طالبہ نے مبینہ طور پر بتایا کہ وہ حاملہ تھی اور اچانک دردِ زہ شروع ہونے پر واش روم میں اس نے ایک لڑکے کو جنم دیا۔ بعد ازاں وہ بچے کو ایک بالٹی میں رکھ کر واش روم کے قریب واقع اپنے کمرے کی کھڑکی تک لے گئی اور وہاں سے نیچے پھینک دیا جس کے نتیجے میں بچے کے سر پر شدید چوٹ آئی اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

 

طالبہ نے مزید بتایا کہ وہ اپنے بہنوئی کے ساتھ تعلقات میں تھی جس کے نتیجے میں وہ حامل ہوگئی۔ اس نے الزام لگایا کہ مذکورہ شخص نے شادی سے انکار کر دیا تھا جس کے باعث وہ ذہنی دباؤ کا شکار تھی۔ طالبہ کے مطابق مذکورہ شخص نے حمل ساقط کروانے کا مشورہ دیا تھا۔

 

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کالج انتظامیہ نے گولکنڈہ پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس نے تعزیراتِ بھارت (BNS) کی دفعات 103(1) اور 238 کے تحت مقدمہ نمبر 241/2026 درج کر لیا ہے۔

 

انسپکٹر پولیس گولکنڈہ پی سائیدلو کی نگرانی میں کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔کالج کی طالبہ کے حاملہ ہونے کی اطلاع کالج انتظامیہ کو نہ ہونے پر کئی طرح کے شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button