وینیزویلا کے زلزلے میں معجزہ، 18 دن کی ننھی بچی موت کے منہ سے نکل آئی

نئی دہلی: وینیزویلا میں صرف 39 سیکنڈ کے وقفے سے آنے والے شدید زلزلوں نے ہزاروں افراد کو بے گھر کر دیا۔ سینکڑوں لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ اپنے پیاروں کو کھونے والے لوگ شدید غم اور بے بسی کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔
ایسے افسوسناک حالات کے درمیان کچھ واقعات مستقبل کے لیے امید کی کرن بن کر سامنے آ رہے ہیں۔گزشتہ روز ملبے کے درمیان ایک خاتون نے بچے کو جنم دیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔ آج ایک اور دل کو چھو لینے والا واقعہ پیش آیا
جہاں 18 دن کی ایک شیر خوار بچی دو دن تک ملبے تلے دبی رہنے کے باوجود زندہ نکال لی گئی۔بچی کے رونے کی آواز سن کر امدادی کارکن فوراً متحرک ہوئے۔ انہوں نے انتہائی احتیاط سے کنکریٹ کے بھاری ملبے کو ہٹایا اور ننھی بچی کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
بعد ازاں اسے اس کے والد کے حوالے کیا گیا، جو اپنی بیٹی کو سینے سے لگا کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔ اس منظر نے وہاں موجود ہر شخص کی آنکھیں نم کر دیں۔ریسکیو ٹیم کی اس کامیاب کوشش پر وہاں موجود لوگوں نے تالیاں بجا کر امدادی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریباً 90 منٹ بعد اسی ملبے کے نیچے سے بچی کی والدہ کو بھی زندہ نکال لیا گیا۔سوشل میڈیا پر صارفین اس واقعے کو "اللہ کا کرشمہ” اور "حقیقی معجزہ” قرار دے رہے ہیں۔ دوسری جانب اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دن رات امدادی کاموں میں مصروف ریسکیو اہلکاروں کی دنیا بھر میں بھرپور تعریف کی جا رہی ہے۔




