مہاراشٹر ٹی ای ٹی پرچہ لیک ؛ امتحان ملتوی – امتحان کے نئے شیڈول کا جلد ہوگا اعلان
ممبئی: مہاراشٹر میں ٹیچر ایلیجبلٹی ٹیسٹ ، جو 28 جون کو منعقد ہونا تھا، ممکنہ پرچہ لیک کے خدشات کے پیش نظر ملتوی کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ مہاراشٹر اسٹیٹ کونسل آف ایگزامینیشن پونے نے کیا۔
حکام کے مطابق تھانے ضلع میں بعض افراد کے قبضے سے ایسے سوالات برآمد ہوئے ہیں جو ٹی ای ٹی امتحان سے مشابہ ہیں۔ پولیس نے 27 جون کی صبح خفیہ اطلاع پر بھیونڈی میں دھاوا کیا، جہاں سے مشتبہ مواد برآمد ہوا۔ بعد ازاں ایم ایس سی ای کے حکام کو بھی موقع پر طلب کیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ برآمد شدہ بعض سوالات ٹی ای ٹی 2025 کے سوالات سے مطابقت رکھتے ہیں۔ تاہم محکمہ تعلیم اس بات کی تصدیق کر رہا ہے کہ آیا یہ اصل سوالیہ پرچہ ہے یا صرف فرضی (ماک) ٹیسٹ پیپر۔ حتمی فیصلہ اسی جانچ کے بعد کیا جائے گا۔
واقعے کے سلسلے میں بھیونڈی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پرچہ لیک کے ماخذ اور دائرۂ کار کا پتہ لگانے کے لیے تفصیلی تحقیقات جاری ہیں۔
امتحانی کونسل کی ڈپٹی کمشنر پریا شندے نے واضح کیا کہ امتحان ملتوی ہونے کی صورت میں امیدواروں کو نہ دوبارہ رجسٹریشن کرانا ہوگا اور نہ ہی کوئی اضافی فیس ادا کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار اس معاملے میں قصوروار نہیں ہیں، اس لئے پہلے سے رجسٹرڈ تمام امیدوار نئی تاریخ پر اسی رجسٹریشن کے تحت امتحان دے سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ نئے امتحانی شیڈول کا جلد اعلان کیا جائے گا، تاہم اس نوعیت کے بڑے امتحان کے انعقاد میں تقریباً تین ہفتے لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جا چکا ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔



