جرائم و حادثات

شادی سے چند گھنٹے پہلے دلہے نے خودکشی کرلی – باپ کی بیماری کا صدمہ برداشت نہ کر سکا ؛ تلنگانہ کے کریم نگر شہر میں افسوسناک واقعہ

کریم نگر – تلنگانہ کے کریم نگر شہر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں شادی کی خوشیاں اچانک ماتم میں بدل گئیں۔ گھر میں نکاح کی تیاریاں زور و شور سے جاری تھیں، رشتہ دار اور عزیز و اقارب خوشیوں میں شریک تھے، لیکن نکاح سے چند گھنٹے قبل 28 سالہ نوجوان محمد عبدالرؤوف نے خودکشی کرلی۔

 

تاخیر سے ملنے والی اطلاعات  کے مطابق کریم نگر کے کشمیر گڈہ علاقہ کے رہائشی محمد عبدالجلیل گزشتہ کچھ عرصہ سے فالج کے باعث بستر پر ہیں۔ ان کے بڑے بیٹے محمد عبدالرؤوف عرف نعمان حیدرآباد کی ایک خانگی کمپنی میں اے سی ٹیکنیشن کے طور پر کام کرتے تھے۔ ان کا نکاح جگتیال ضلع کے کورٹلہ ٹاون میں رشتہ داروں کی ایک لڑکی سے طے پایا تھا اور 10 جولائی (جمعہ) کو نکاح ہونا تھا۔

 

جمعرات کی رات شہر کے ایک فنکشن ہال میں منجے کی تقریبات جاری تھیں۔ رات تقریباً 9 بجے عبدالرؤوف نے گھر والوں سے کہا کہ وہ گھر جا کر  والد کو کھانا کھلا کر واپس آتے ہیں۔ تاہم آدھی رات گزرنے کے باوجود وہ واپس نہ آئے تو گھر والوں کو تشویش ہوئی۔ جب وہ گھر پہنچے تو اندر سے دروازہ بند تھا۔ دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے تو عبدالرؤوف باتھ روم میں شاور سے تولیہ باندھ کر پھندے سے لٹکے ہوئے ملے۔

 

گھر والوں نے فوری طور پر انہیں ہاسپٹل لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ خاندان کے افراد نے  بتایا کہ والد کی مسلسل خراب صحت اور فالج کی وجہ سے عبدالرؤوف شدید ذہنی دباؤ اور صدمہ میں تھے، اور غالباً اسی پریشانی کے باعث انہوں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

 

جو نوجوان چند گھنٹوں بعد دلہا بن کر نئی زندگی کا آغاز کرنے والا تھا، وہ بے جان حالت میں ملا، جس سے پورا گھر غم میں ڈوب گیا۔ اطلاع ملنے پر کریم نگر سیکنڈ ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button