شاہ آباد 6 افراد کا قتل واقعہ۔ کیوں لگ رہا ہے پولیس پر لاپرواہی کا الزام؟ سب انسپکٹر کو کیوں معطل کیا گیا؟ پوکسو کیس میں ملزم کو ملی تھی قبل از ضمانت۔جانیں پوری تفصیل

حیدرآباد:ضلع رنگاریڈی شاہ آباد قتل واقعہ میں پولیس کی مبینہ لاپرواہی کے الزامات کے درمیان جہاں ایک سب انسپکٹر کو معطل کردیاگیا وہیں دوسری جانب یہ حیرت انگیز انکشاف ہوا ہے کہ ملزم جیل نہیں گیا جبکہ اس نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی تھی۔
اس معاملے پر فیوچر سٹی پولیس کمشنر ترون جوشی نے ہفتہ کی صبح شاہ آباد کے انسپکٹر کانتا ریڈی اور ایس آئی رمیش سے تفصیلات حاصل کیں جس کے بعد فوری طور پر ایس آئی رمیش کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پولیس کے مطابق پوکسو کیس کی تحقیقات میں لاپرواہی برتنے کی وجہہ سے ملزم کو ضمانت قبل از گرفتاری حاصل ہوئی۔ ارکان خاندان کا کہنا ہے کہ اگر پولیس نے ان کی شکایات پر بروقت توجہ دی ہوتی تو راج کمار کے ہاتھوں چھ افراد کا قتل نہ ہوتا۔
واضح رہے کہ راج کمار گزشتہ سال سے ایک کم عمر لڑکی کو ہراساں کر رہا تھا جب لڑکی کے خاندان نے اس سے اس بارے میں بات کی تو دونوں خاندانوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہو گئی چونکہ دونوں کے گھر ساتھ ساتھ تھے اس لیے راج کمار مسلسل لڑکی کا پیچھا کرتا اور اسے تنگ کرتا رہا
جس کے باعث لڑکی کی والدہ نے اپنے گھر کے باہر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کروا دیے تاکہ خاندان کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ ارکان خاندان کا کہنا ہے کہ ایک نچلے متوسط طبقے کے خاندان کا اپنی حفاظت کے لیے سی سی ٹی وی لگانا اس بات کا ثبوت ہے کہ راج کمار انہیں کس حد تک ہراساں کر رہا تھا۔
راج کمار کے خلاف 16 مئی کو لڑکی کی والدہ کی شکایت پر پوکسو ایکٹ (بچوں کے جنسی جرائم سے تحفظ) قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا کیونکہ اس نے نہ صرف لڑکی کو ہراساں کیا بلکہ جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
مقدمہ درج ہونے کے فوراً بعد راج کمار روپوش ہو گیا۔رپورٹ کے مطابق 12 جون کو راج کمار کو پیشگی ضمانت ملنے تک پولیس نے اس کی تلاش میں خاطر خواہ دلچسپی نہیں دکھائی۔ مقتول لڑکی کے خاندن والوں کا الزام ہے کہ تقریباً ایک سال تک ہراسانی کے باوجود پولیس نے جان بوجھ کر ملزم کے خلاف سخت کارروائی نہیں کی۔
مزید یہ کہ پوکسو کیس درج ہونے کے بعد راج کمار نے دوبارہ لڑکی کے خاندان کو دھمکی دی کہ وہ ان سے "حساب چکائے گا”۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس بارے میں تحقیقاتی افسر ایس آئی رمیش کو بھی آگاہ کیا مگر انہوں نے اسے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا
جس چند ہی دن بعد راج کمار نے انتہائی پرتشدد حملہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر چھ افراد کو قتل کر دیا۔ واضح رہے کہ راج کمار نے متاثرہ نابالغ لڑکی اس کی نانی ماں کو قتل کرنے کے بعد اپنی بیوی اور دو معصوم بچوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا تھا۔



