پائی انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے تعاون سے غوث نگر گورنمنٹ ہائی اسکول کے طلبہ میں مفت نوٹ بکس کی تقسیم

پائی انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے تعاون سے غوث نگر گورنمنٹ ہائی اسکول کے طلبہ میں مفت نوٹ بکس کی تقسیم
سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار میں نمایاں بہتری، غوث نگر کی تعلیمی خدمات قابلِ تقلید: مہمانانِ خصوصی

حیدرآباد، نمائندہ خصوصی: تعلیم کے چراغ کو مزید روشن کرنے اور معاشرے کے پسماندہ و سلم بستیوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے عظیم مقصد کے تحت پائی انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی جانب سے گورنمنٹ ہائی اسکول، غوث نگر، بنڈلہ گوڑہ، حیدرآباد کے تقریباً نو سو طلبہ و طالبات میں مفت نوٹ بکس تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں پائی انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کے تلنگانہ و کرناٹک کے ذمہ داران نے شرکت کرتے ہوئے طلبہ میں تعلیمی سامان تقسیم کیا اور اسکول کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
معزز مہمانوں نے اسکول کے مثالی نظم و ضبط، صاف ستھرے ماحول، مؤثر انتظامی نظام، معیاری تدریس اور طلبہ کی شاندار تعلیمی صلاحیتوں کو دیکھ کر بے حد مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سرکاری اسکولوں میں تعلیم کے معیار میں خوش آئند تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور غوث نگر گورنمنٹ ہائی اسکول اپنی مثالی کارکردگی، جدید تدریسی حکمتِ عملی اور بچوں کی ہمہ جہت ترقی کے باعث دیگر اداروں کے لیے ایک بہترین نمونہ بن چکا ہے۔
خصوصی طور پر بنیادی خواندگی اور عددی اکتساب(FLN) اور لرننگ امپروومنٹ پروگرام (LIP) کے تحت جاری تعلیمی سرگرمیوں، بچوں کی فعال شرکت اور اساتذہ کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے مہمانوں نے پوری تدریسی ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔
تقریب کا آغاز صدر مدرس شاہد علی حسرت، اکیڈمک انچارج محمد رفیع اور سید خالد کی جانب سے معزز مہمانوں کی گل پیشی اور پرتپاک استقبال سے ہوا۔
اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں صدر مدرس شاہد علی حسرت نے کہا:
"کتابیں انسان کی سب سے مخلص اور بہترین دوست ہوتی ہیں، لیکن علم کو محفوظ کرنے، سوچ کو وسعت دینے اور صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیے نوٹ بک بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ ایک طالب علم کے ہاتھ میں نوٹ بک دراصل اس کے روشن مستقبل کی پہلی اینٹ ہوتی ہے۔ پائی انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کا یہ عظیم تحفہ ہمارے ان بچوں کے لیے امید کی ایک نئی کرن ہے جو محدود وسائل کے باوجود بڑے خواب رکھتے ہیں۔ یقیناً یہ امداد ان کی تعلیمی ترقی، خود اعتمادی اور کامیابی کی نئی راہیں ہموار کرے گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم پر خرچ کیا جانے والا ہر روپیہ دراصل ایک روشن معاشرے کی تعمیر میں سرمایہ کاری ہے، اور پائی انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کی یہ خدمت ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھی جائے گی۔
اس موقع پر ایس ایم سی چیئرمین ، اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین، اولیائے طلبہ، طلبہ و طالبات، اساتذہ اور اسکول کے تمام عملے نے پائی انٹرنیشنل فاؤنڈیشن کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے فلاحی اور تعلیمی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے اس ساری کامیابی کا سہرا غوث نگر کے متحرک ،فرض شناس اور محنتی اساتذہ کی لگن اور محنت سے منسوب کیا۔
تقریب میں اساتذہ کرام محمد رفیع، سید خالد، نسیم النساء، سمرین فاطمہ، عرفانہ انجم، شگفتہ یاسمین، میمونہ بیگم، فرحین بیگم، حمیرا فاطمہ، عارفہ بیگم، نجمہ بیگم، عطیہ، طلعت، نازیہ، تنویر، رقیہ فاطمہ، سوری ولیم سٹین، صبا فاطمہ، وسیمہ بیگم، اقبال حسین، عبداللہ، مظہر، اعجاز الدین، عبدالتمیم، وحید خان، عبدالفرید، سید سلیم الدین اور دیگر موجود تھے۔
تقریب کے اختتام پر طلبہ کے چہروں پر خوشی اور اطمینان نمایاں تھا۔ یہ منظر اس حقیقت کی عکاسی کر رہا تھا کہ جب سماجی ادارے اور سرکاری تعلیمی ادارے مل کر بچوں کے مستقبل کی تعمیر کا عزم کرتے ہیں تو وسائل کی کمی بھی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی۔ غوث نگر گورنمنٹ ہائی اسکول میں منعقد ہونے والی یہ تقریب یقیناً خدمتِ خلق، فروغِ تعلیم اور روشن مستقبل کی ایک یادگار مثال بن گئی۔
سید خالد نے نظامت کے فرائض انجام دیے اور محمد رفیع نے اظہارِ تشکر کیا ۔




