حیدرآباد سے لندن جانے والی پرواز میں سنسنی – 30 ہزار فٹ کی بلندی پر برٹش ایئرویز کے تینوں پائلٹ بیمار،

حیدرآباد سے لندن جانے والی برٹش ایئرویز کی پرواز میں تین پائلٹ اچانک بیمار، تحقیقات شروع
حیدرآباد: حیدرآباد سے لندن جانے والی برٹش ایئرویز کی پرواز (BA276) میں دورانِ سفر تینوں پائلٹ اچانک علیل ہوگئے، جس کے بعد ایئرلائن نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، پرواز کے ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد جب طیارہ تقریباً 30 ہزار فٹ کی بلندی پر تھا، ایک پائلٹ کی طبیعت اس قدر بگڑ گئی کہ وہ اپنے فرائض انجام دینے کے قابل نہ رہے۔ انہیں سانس لینے میں دشواری پیش آنے پر فوری طور پر آکسیجن فراہم کی گئی۔
اسی دوران دیگر دو پائلٹ بھی معمولی طور پر بیمار ہوگئے، تاہم انہوں نے پرواز جاری رکھتے ہوئے طیارے کو بحفاظت لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے پر اتار دیا۔ ذرائع کے مطابق سفر کے دوران ان کی طبیعت مزید خراب ہوگئی تھی۔
برٹش ایئرویز نے ایک بیان میں کہا، "ہمارے ملازمین کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے، اور مسافروں کی حفاظت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاتا۔ پائلٹوں کو پیش آنے والے واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔”
طیارے کے لندن پہنچنے کے بعد تینوں پائلٹوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، روانگی سے قبل تینوں نے حیدرآباد کے ایک ہوٹل میں ناشتہ کیا تھا، اور شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں فوڈ پوائزننگ ہوئی ہو، تاہم اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔



