جرائم و حادثات

ساڑی نہ دلانے پر بیوی نے پریشر کوکر سے حملہ کرکے شوہر کا قتل کردیا

نئی دہلی: صرف ایک ساڑی نہ خرید نے کی بات شوہر کے لیے جان لیوا ثابت ہوئی۔ ساڑی کے معاملے پر میاں بیوی کے درمیان ہونے والا جھگڑا شوہر کی موت پر ختم ہوا۔

 

یہ افسوسناک واقعہ ریاست مہاراشٹر میں پیش آیا۔پولیس کے مطابق بہار کے ضلع روہتاس سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی سنیتا دیوی (30) اور ہری رام سنگھ (35) پونے کے بدلاپور ایسٹ علاقے میں رہتے تھے۔

 

اطلاعات کے مطابق سنیتا دیوی اس بات پر ناراض تھی کہ اس کے شوہر نے اس کے لیے ساڑیاں نہیں خریدیں۔ اسی بات پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا۔

 

الزام ہے کہ جھگڑے کے دوران اس نے پریشر کوکر کے ڈھکن سے شوہر پر حملہ کیا اور بعد میں اس کا گلا دبا کر قتل کر دیا۔واردات کے بعد اس نے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ اس کے شوہر کی موت ایک حادثے میں ہوئی ہے

 

جس پر پولیس نے ابتدا میں اس کے بیان کی بنیاد پر حادثاتی موت کا مقدمہ درج کیا۔تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ ہری رام سنگھ کی موت گلا دبانے کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی تھی۔

 

بعد ازاں مقتول کے ارکان خاندان کی شکایت پر پولیس نے سنیتا دیوی کو گرفتار کر لیا۔ بدلاپور ایسٹ پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر نتن پاٹل نے بتایا کہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button