ریونت ریڈی کا بڑا مطالبہ: ایم پی، ایم ایل اے بننے کی عمر 21 سال کی جائے – اسمبلی میں قرار داد منظور کرنے کا اعلان

چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں پارلیمنٹ اور اسمبلی انتخابات لڑنے کی کم از کم عمر 25 سال سے گھٹا کر 21 سال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تلنگانہ اسمبلی میں ایک قرارداد منظور کرکے مرکزی حکومت کو بھیجی جائے گی۔
نیٹ امتحان کے پرچہ لیک معاملہ کے خلاف دہلی میں احتجاج کرنے والے طلبہ پر پولیس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے حیدرآباد کے نیکلس روڈ پر شمع بردار ریلی نکالی گئی۔ یہ ریلی تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ کی قیادت میں پیپلز پلازہ سے اندرا گاندھی کے مجسمے تک منعقد ہوئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک کی طرح ہندوستان میں بھی نوجوانوں کو 21 سال کی عمر میں رکن پارلیمنٹ اور رکن اسمبلی کا انتخاب لڑنے کا حق ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر راہول گاندھی وزیر اعظم بنتے ہیں تو قانون ساز اداروں کے انتخابات لڑنے کی عمر 21 سال کردی جائے گی۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ ملک کی تقریباً 30 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس لیے انہیں بھی قانون ساز اداروں میں نمائندگی کا بھرپور موقع ملنا چاہئے۔ اس پروگرام میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا سمیت کانگریس کے کئی قائدین اور کارکنان نے شرکت کی۔




