ایس آئی آر مخالف احتجاج میں شرکت پر اداکار عمران خان نے ہائی کورٹ سے معافی مانگ لی

نئی دہلی: ایس آئی آر (خصوصی نظرثانی عمل) کے خلاف ہونے والے احتجاج میں شرکت کے معاملے پر اداکار عمران خان نے ممبئی ہائی کورٹ کے روبرو غیر مشروط معذرت پیش کی۔ امریکی شہری ہونے کے باوجود ہندوستان میں احتجاج میں حصہ لینے پر عدالت نے انہیں سخت سرزنش کی۔
چیف جسٹس مہیش چندر کی قیادت میں بنچ نے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے سوال کیا کہ امریکی شہری ہونے کے باوجود وہ احتجاج میں کیوں شریک ہوئے؟ عدالت نے واضح کیا کہ ہندوستانی شہریوں اور او سی آئی (اوورسیز سٹیزن آف انڈیا) کارڈ ہولڈرس کے حقوق میں نمایاں فرق ہے۔ بنچ نے سوال کیا کہ وہ احتجاجی مقام پر کیوں گئے تھے؟ کیا وہاں جانے کا مقصد احتجاج میں شرکت تھا یا کوئی اور کام؟
عدالت نے ہدایت دی کہ وہ احتجاج سے اپنی عدم وابستگی کا اعلان کریں۔ بنچ نے کہا کہ ہندوستانی شہری نہ ہونے کے باوجود احتجاج میں شرکت کرنا قانون کے خلاف ہے۔ عدالت نے یہ بھی سوال کیا کہ اگر کوئی ہندوستانی شہری امریکہ میں اس طرح کے احتجاج میں حصہ لیتا تو وہاں کی حکومت کا ردعمل کیا ہوتا؟ بنچ نے ریمارک کیا کہ ایسی صورت میں متعلقہ شخص کو فوری طور پر ملک سے واپس بھیج دیا جاتا۔
عمران خان کی جانب سے غیر مشروط معذرت پیش کیے جانے کے بعد عدالت نے معاملے کی سماعت 7 دسمبر تک ملتوی کردی۔ اس دوران ہندوستان چھوڑنے سے متعلق مرکزی حکومت کی جانب سے جاری نوٹس پر عمل درآمد روک دیا گیا۔
واضح رہے کہ وزارت خارجہ نے گزشتہ ماہ عمران خان کو 28 اکتوبر تک ہندوستان چھوڑنے کی ہدایت جاری کی تھی۔



