جرائم و حادثات

حیدرآباد دھماکہ :ایک زخمی کا پاوں جسم سے الگ ہوگیا

حیدرآباد: شہر کے علاقہ میاں پور میں واقع جی ایس ایم مال کے قریب دھماکہ ہوا جس سے سنسنی پھیل گئی اس واقعہ میں 4 افراد زخمی بتائے گئے ہیں۔

 

ذرائع کے مطابق غباروں میں گیس بھرنے والا سلنڈر اچانک پھٹ پڑا۔ یہ حادثہ جی ایس ایم مال کے سامنے سرویس روڈ پر ہفتہ کی شام تقریباً 4:30 بجے پیش آیا۔ سلنڈر کے زور دار دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا دھماکہ کی شدت سے اس کا ایک پاوں جسم سے علاحدہ ہوکر دور جاگرا جبکہ مزید تین افراد بھی اس حادثہ میں زخمی ہوئے۔

 

شدید زخمی کی شناخت 19 سالہ وویک پال کے طورپر کی گئی ہے جو ٹھیلہ بنڈی پر آآئسکریم فروخت کیا کرتا ہے۔ دیگر زخمیوں میں جناردھن اور 16 سالہ نندیال دھنوشا نامی سری چیتنیہ کالج کی طالبہ بھی شامل ہیں جبکہ دھماکہ کی وجہہ سے 25 سالہ آئی ٹی ملازمہ سندھو پریا بھی زخمی ہوگئی۔

 

دھماکہ کے ساتھ ہی مقامی افراد میں خوف کی لہر دوڑ گئی اور مقام واقعہ پر افراتفری مچ گئی، اس حادثہ میں بعض گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔اطلاعات کے مطابق دھماکہ غباروں میں گیس بھرنے کے لیے استعمال کیے جانے والے سلنڈر سے ہوا۔ غبارے فروخت کرنے والا جے رام اترپردیش کے قنوج ضلع کا رہنے والا بتایا گیا ہے۔

 

پولیس سلنڈر پھٹنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔ واقعے کے سلسلے میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button