مہاراشٹرا کی خاتون کو پرتگال میں فروخت کردیا گیا
Imagination picture
ممبئی: مہاراشٹرا میں ایک جاب کنسلٹنسی نے ملازمت کا جھانسہ دے کر 28 سالہ خاتون کو دھوکہ دیا اور اسے پرتگال میں ایک بیئر شاپ کے مالک کو فروخت کردیا جہاں اسے مبینہ طور پر ہراساں کیا گیا اور اس سے بھاری رقم بھی وصول کی گئی۔
متاثرہ خاتون کی جانب سے پونے کرائم برانچ سے رجوع کیے جانے کے بعد یہ معاملہ تاخیر سے منظرعام پر آیا۔پولیس کے مطابق ناگپور سے تعلق رکھنے والی خاتون ملازمت کی تلاش میں پونے کی ایک جاب کنسلٹنسی سے رجوع ہوئی تھی۔
کنسلٹنسی کے افراد نے اسے پرتگال اور اسپین میں کیشیئر اور اکاؤنٹنٹ کی ملازمتیں دلانے کا وعدہ کرتے ہوئے ماہانہ ڈیڑھ لاکھ روپے تنخواہ کا لالچ دیا۔ انہوں نے ویزا پروسیسنگ اور دیگر اخراجات کے نام پر 11 لاکھ روپے درکار ہونے اور تین ماہ بعد اس کے شوہر کو بھی بیرون ملک بلانے کا وعدہ کیا۔
ان کی باتوں پر یقین کرتے ہوئے خاتون نے ملزمین کو 8 لاکھ روپے ادا کیے۔ بعد ازاں اسے مئی میں میڈرڈ سے بذریعہ سڑک پرتگال منتقل کیا گیا۔ پرتگال پہنچنے کے بعد ملزمین نے اس کا پاسپورٹ اپنے قبضے میں لے لیا اور اسے ایک بیئر شاپ میں کام کرنے پر مجبور کردیا۔
خاتون کو بعد میں احساس ہوا کہ اسے مبینہ طور پر بیئر شاپ کے مالک کے حوالے کردیا گیا ہے۔ وہاں اسے سخت مشقت کے ساتھ ذہنی اذیت بھی برداشت کرنا پڑی۔ کسی طرح وہاں سے فرار ہوکر وہ میڈرڈ پہنچی اور پھر ہندوستان واپس آگئی۔
پولیس کے مطابق ہندوستان واپس آنے کے بعد بھی ملزمین نے اسے دوبارہ ایک اور ملازمت دلانے کے نام پر 3 لاکھ روپے ادا کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔ بالآخر خاتون نے پولیس سے شکایت کی، جس پر پونے کرائم برانچ نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔



