تلنگانہ

ریونت ریڈی کا امریکہ دورہ منسوخ – مرکز نے دورہ کی اجازت دینے سے انکار کردیا ؛ لندن سے ہی ہوں گے حیدرآباد واپس

File photo

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا امریکہ کا دورہ منسوخ ہوگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق مرکزی وزارتِ خارجہ نے امریکہ کے دورے کی اجازت نہیں دی، جس کے بعد دورہ منسوخ کیا گیا۔

 

ریونت ریڈی اس وقت لندن کے دورے پر ہیں اور مقررہ شیڈول کے مطابق 23 اگست کو لندن سے امریکہ روانہ ہونے والے تھے۔ اب وہ لندن سے براہِ راست حیدرآباد واپس آئیں گے۔

 

چیف منسٹر کے بیرونِ ملک دورے کے لئے مرکزی وزارتِ خارجہ کی اجازت ضروری ہوتی ہے۔ ریاستی حکومت نے برطانیہ اور امریکہ کے دورے کے لیے کافی پہلے مرکز سے اجازت طلب کی تھی، تاہم وزارتِ خارجہ نے صرف برطانیہ کے دورے کی اجازت دی اور امریکہ کے دورے کو منظوری نہیں دی۔

 

امریکہ کے دورے کی اجازت نہ ملنے پر ریونت ریڈی نے کہا کہ سیاسی وجوہات کی بنیاد پر ان کا دورہ روکا گیا، جو انتہائی حیران کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد نئی قومی تعلیمی پالیسی پر عمل درآمد اور تلنگانہ میں عالمی معیار کے تعلیمی ادارے لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ وکست بھارت اور ملک کی ترقی میں تعاون کے لئے تھا اور ملک کی تعمیر کے لیے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر سوچنا چاہئے۔

 

دوسری جانب چیف منسٹر نے عہدیداروں کی ٹیم کو امریکہ کا دورہ جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے تمام مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر طے شدہ پروگرام کے مطابق دستخط کرنے اور یونیورسٹیوں کے ساتھ شراکت داری کے معاہدے مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

Oplus_131072

متعلقہ خبریں

Back to top button