کار کی ڈکی سے خاتون کی نعش دستیاب۔ تلنگانہ کے ہنمکنڈہ ضلع میں سنسنی خیز واقعہ

حیدرآباد: ہنمکنڈہ ضلع کے ایلکاترتی میں ایک کار سے خاتون کی نعش برآمد ہونے پر علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
بس اسٹینڈ کے قریب دو دن سے کھڑی کار سے بدبو آنے پر مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔موقع پر پہنچنے والی پولیس نے کار کی ڈکی کھولی تو اس میں ایک خاتون کی نعش چادرمیں لپٹی ہوئی ملی۔
کار کے نمبر کی بنیاد پر تفتیش شروع کرنے والی پولیس نے مقتولہ کی شناخت گوداوری کھنی کی رہنے والی مانسا (33) کے طور پر کی۔اطلاعات کے مطابق یہ کار مانسا کے دوست ونود نے کرائے پر لی تھی۔ پولیس نے ونود کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی۔
بتایا جاتا ہے کہ ونود نے پولیس کو کہا "جب ہم کریم نگر کے ایک کمرے میں تھے تو مانسا کو دورے پڑے۔ دورے کے دوران اس کے منہ سے جھاگ آنے لگا اور وہ فوت ہوگئی۔ گھبراہٹ کے باعث میں نعش کو ایلکاترتی کے قریب کار میں ہی چھوڑ کر چلا گیا۔”
ایلکاترتی پولیس نے مقدمہ درج کرکے مکمل تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس ونود کی جانب سے بتائی گئی باتوں کی تصدیق کر رہی ہے۔



