تنخواہ میں اضافہ کیلئے بیہودہ شرط۔ حیدرآباد میں اسٹارہوٹل کے چیرمین کے خلاف کیس درج

File photo
حیدرآباد: پولیس نے ایک خاتون ملازمہ کی شکایت پر بیگم پیٹ کی ایک اسٹار ہوٹل کے چیئرمین ڈی وی۔منوہر کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ خاتون نے الزام عائد کیا کہ ہوٹل کے چیئرمین نے اسے جنسی طور پر ہراساں کیا۔پولیس کے مطابق شہر سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ خاتون 2023 سے مذکورہ ہوٹل میں ملازمت کر رہی ہیں۔
اپنی شکایت میں انہوں نے بتایا کہ ہوٹل کے چیئرمین منوہر اکثر نازیبا تبصرے کرکے انہیں ہراساں کرتے تھے۔ خاتون کا الزام ہے کہ جب انہوں نے تنخواہ میں اضافے کی بات کی تو چیئرمین نے ان کے سامنے جنسی خواہشات پوری کرنے کی شرط رکھی۔
خاتون نے یہ بھی الزام لگایا کہ وہ اپنے ماتحت کام کرنے والی دیگر خواتین کے ساتھ بھی نازیبا رویہ اختیار کرتے تھے۔خاتون نے مزید بتایا کہ ایچ آر اور آئی ٹی شعبوں سے وابستہ بعض افراد نے انہیں دھمکایا اور زبردستی ملازمت سے نکال دیا۔ حال ہی میں ایک شخص نے وکیل کے نام پر فون کرکے انہیں دھمکایا۔
متاثرہ خاتون کی شکایت پر پولیس نے ہوٹل کے چیئرمین ڈی وی منوہر کے علاوہ ایچ آر کے رام مورتی، آئی ٹی کے پرکاش، جنرل منیجر ادے اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ہوٹل کے عملے نے اس سے قبل بیگم پیٹ پولیس میں ایک الگ شکایت بھی درج کرائی تھی کہ ہوٹل کے دفتر میں چیئرمین کے کیبن میں موجود ایک بیگ سے ایک لاکھ روپے چوری ہوگئے ہیں۔ عملے نے ایک خاتون ملازمہ پر چوری کا شبہ ظاہر کیا تھا جس پر پولیس نے اس معاملے میں بھی مقدمہ درج کیا ہے۔



