تلنگانہ محکمہ کانکنی کا عہدیدار اے سی بی کے جال میں 100 کروڑ کی پراپرٹی کا انکشاف

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ جے شنکر بھوپال پلی ضلع کے محکمہ کانکنی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جئے راجو کے خلاف اینٹی کرپشن بیورو کے حکام کی جانب سے کی گئی کاروائی کے دوران تقریباً 100 کروڑ روپے مالیت کے اثاثہ جات کا پتہ چلا ہے بعد ازاں عہدیدار کو گرفتارکرلیا گیا۔
آمدنی سے زائد اثاثے رکھنے کے الزامات کے سلسلے میں اینٹی کرپشن حکام نے آج بھوپال پلی، حیدرآباد، سوریہ پیٹ، تانڈور سمیت 12 مقامات پر دھاوے کئے۔ تلاشی کے دوران معلوم ہوا کہ جئے راجو کے حیدرآباد کے بوڑاوپل میں دو منزلہ مکان، کے پی ایچ بی میں ایک فلیٹ، کیسرا، سوریہ پیٹ، توپران اور تنگا ترتی میں پلاٹس جبکہ سوریہ پیٹ میں 3.21 ایکڑ اراضی بھی موجود ہے۔
حکام نے جئے راجو کے مکانات سے 10 لاکھ روپے نقد بھی ضبط کیے۔ اس دوران 71 لاکھ روپے کے بینک بیلنس کا بھی انکشاف ہوا اور آدھا کیلو سونا بھی برآمد ہوا۔یہ بھی معلوم ہوا کہ ڈرائیور کو مختلف مواقع پر 24 لاکھ روپے منتقل کیے گئے تھے۔ڈرائیور نے حکام کو بتایا کہ ریت کی نقل و حمل کے سلسلے میں وصول کی جانے والی مامول رقم جئے راجو اپنے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کرواتے تھے۔
ڈرائیور کے مطابق بعد ازاں یہ رقم جے راجو کی بیٹی کو منتقل کی جاتی تھی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ جئے راجو کو حال ہی میں بہترین عہدیدار کے طور پر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔



