ماں بیٹے کی اجتماعی خودکشی، نعشیں مسخ شدہ حالت میں دستیاب، تلنگانہ کے تانڈور منڈل میں افسوسناک واقعہ

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ ضلع وقارآباد کے تانڈ ور منڈل کے علاقہ آئینپلی کے مضافات میں ماں اور بیٹے کی نعشیں مسخ شدہ حالت میں دستیاب ہوئیں۔
ایک چرواہے نے جو اس طرف سے گزر رہا تھا اس نے اندراماں مکان میں دونوں نعشوں کو دیکھا اور فوری طور پر مقامی افراد اور پولیس کو اطلاع دی۔ تانڈور رورل سی آئی پروین کمار ریڈی، ایس آئی راٹھوڑ ونود اور سرپنچ گوپال نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔
مرنے والوں کی شناخت کوٹاباسپلی کی رہنے والی تلجما (عمر 46 سال) اور اس کے بیٹے نریش (عمر 28 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ یہ دونوں دس دن قبل گھر سے چلے گئے تھے۔
پولیس کو نعشوں کے قریب جراثیم کش دوا (پیسٹیسائڈ) کا ڈبہ اور گلاس ملے ہیں۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں نے زہر پی کر خودکشی کی ہے۔ ابتدائی طور پر اندازہ لگایا گیا ہے کہ خاندانی تنازعات کی وجہ سے خودکشی کی گئی ہے۔
پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔



