تلنگانہ

تلنگانہ میں پولیس کانسٹیبل بھرتی: عمر کی حد میں مزید 3 سال کی رعایت

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے پولیس، فائر سروسز، جیل اور اسپیشل پروٹیکشن فورس سمیت مختلف یونیفارم سروسز میں کانسٹیبل اور مساوی عہدوں پر براہِ راست تقرری کے لئے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد میں مزید تین سال کی رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن نے چہارشنبہ کو احکامات جاری کردیئے۔

 

حکومت نے اس سے قبل مختلف احکامات کے ذریعے یونیفارم سروسز میں براہِ راست تقرری کے لئے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد میں سات سال کی رعایت دی تھی۔ تاہم محکمہ داخلہ میں سب انسپکٹر اور کانسٹیبل کے عہدوں کے لئے مقررہ عمر کی حد میں فرق پایا گیا۔ فی الحال سب انسپکٹر کے لئے زیادہ سے زیادہ عمر 32 سال اور کانسٹیبل کے لئے 29 سال مقرر ہے۔

 

اس فرق کو ختم کرنے کے مقصد سے حکومت نے کانسٹیبل اور مساوی سطح کے عہدوں کے لئے مزید تین سال کی عمر میں رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تازہ فیصلہ کے مطابق پولیس، فائر سروسز، جیل اور اسپیشل پروٹیکشن فورس میں کانسٹیبل اور مساوی عہدوں کے لئے عمر کی حد میں مزید تین سال کا اضافہ ہوگا۔

 

تاہم پولیس محکمہ میں پی سی ڈرائیور کے عہدوں پر یہ رعایت لاگو نہیں ہوگی۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ تین سال کی رعایت پہلے دی گئی سات سال کی عمر میں رعایت کے علاوہ ہوگی۔

 

یہ احکامات تلنگانہ اسٹیٹ لیول پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ کی جانب سے کی جانے والی براہِ راست بھرتیوں پر لاگو ہوں گے۔ حکومت کے احکامات کے مطابق متعلقہ قواعد اور آئندہ جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کو تلنگانہ اسٹیٹ گزیٹ میں شائع کیا جائے گا.

Oplus_131072

متعلقہ خبریں

Back to top button