بیٹی کو ہتھوڑے سے قتل، پھر حادثہ کا ڈرامہ – باپ اور بھائی گرفتار ؛ جانئے قتل کی وجہ
احمدآباد میں باپ اور بیٹے نے بیٹی کو قتل کردیا، آنر کلنگ کا شبہ — ہتھوڑے سے قتل کے بعد ہٹ اینڈ رن حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش، دونوں گرفتار

احمدآباد : گجرات کے احمدآباد شہر میں 22 سالہ صوفیہ کے قتل کے الزام میں پولیس نے اس کے والد محمد فاروق اور بھائی محمد حابل کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق دونوں نے صوفیہ کے سر پر ہتھوڑے سے وار کرکے اسے قتل کیا اور بعد میں قتل کو ہٹ اینڈ رن حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش کی۔
12 اگست کی رات صوفیہ اپنے بھائی حابل کے ساتھ موٹر سائیکل پر جارہی تھی۔ بعد میں صوفیہ کی نعش سڑک کے کنارے ملی جبکہ حابل زخمی حالت میں پایا گیا۔ حابل نے پولیس کو بتایا تھا کہ ایک نامعلوم گاڑی نے ان کی موٹر سائیکل کو پیچھے سے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہوئے اور صوفیہ کی موت ہوگئی۔ ابتدا میں اسے سڑک حادثہ سمجھا گیا۔
تاہم تحقیقات کے دوران پولیس کو جائے حادثہ سے کسی ٹکر کے شواہد نہیں ملے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی کوئی دوسری گاڑی نظر نہیں آئی۔ حابل کے بیان میں تضادات سامنے آنے کے بعد پولیس نے اس سے سخت پوچھ تاچھ کی، جس میں مبینہ طور پر قتل کی سازش کا انکشاف ہوا۔
پولیس کے مطابق صوفیہ باپول علاقے کے خانگی ہاسپٹل میں ریسپشنسٹ تھی۔ کچھ عرصہ قبل ایک نوجوان کے ساتھ اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس پر اس کے والد اور بھائی ناراض تھے۔ دونوں کو شبہ تھا کہ صوفیہ کے نوجوان کے ساتھ تعلقات ہیں اور انہیں سماجی بدنامی کا خوف تھا۔
تحقیقات کے مطابق فاروق اور حابل نے تقریباً تین ماہ قبل قتل کی سازش رچی تھی۔ انہوں نے 12 اگست کا دن اس لیے منتخب کیا کہ اس روز بارش ہو رہی تھی۔ دونوں نے ایسا راستہ منتخب کیا جہاں سی سی ٹی وی کیمرے کم تھے اور اندھیرا بھی رہتا تھا۔
پولیس کے مطابق حابل ہتھوڑا ساتھ لے کر گیا تھا۔ ہاسپٹل سے واپسی کے دوران دونوں صوفیہ کو موٹر سائیکل پر ساتھ لے گئے اور ایک سنسان مقام پر پہنچ کر حابل نے اس کے سر پر ہتھوڑے سے وار کئے۔ صوفیہ کے بے ہوش ہونے کے بعد بھی اس کے سر پر مزید وار کئے گئے۔
پولیس کے مطابق صوفیہ کی موت کے بعد باپ اور بیٹے نے اس کی نعش سڑک کے کنارے رکھ دی۔ حابل نے خود کو بھی زخمی کیا اور موٹر سائیکل کو نقصان پہنچایا تاکہ واقعہ سڑک حادثہ معلوم ہو۔ اس کے بعد پولیس کو اطلاع دے کر نامعلوم گاڑی کی ٹکر کی جھوٹی کہانی سنائی گئی۔
پولیس نے محمد فاروق اور محمد حابل کو گرفتار کرکے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔




