نیشنل

مودی جب اسلامی ممالک کے قائدین کو اپنا بھائی کہتے ہیں تو ہندوستانی مسلمان ہمارے بھائی کیوں نہیں؟ سنجے راؤت کا وزیر اعظم سے تیکھا سوال

مودی اسلامی ممالک کے قائدین کو اپنا بھائی کہتے ہیں تو ہندوستانی مسلمان ہمارے بھائی کیوں نہیں؟ سنجے راؤت کا وزیر اعظم سے تیکھا سوال

 

ممبئی : مہاراشٹرا میں بی جے پی کے وزیر نتیش رانے نے ہمیشہ کی طرح یہ بیان دے دیا ہے کہ مسلمانوں کو گربا میں داخلہ نہیں دیا جانا چاہئے حالانکہ وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کی اہلیہ امریتا فڑنویس نے نتیش رانے کے خلاف بیان دیا ہے جو موضوع بحث ہے۔

 

اس حوالے سے اب ادھو ٹھاکرے کی پارٹی شیوسینا یو بی ٹی سے راجیہ سبھا رکن سنجے راوت کا رد عمل سامنے آیا ہے۔ سنجے راوت کا کہنا ہے کہ ’’اگر ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی بیرون ممالک جا کر مساجد کا دورہ کرتے ہیں اسلامک اسٹیٹ کے رہنماؤں کے گلے لگتے ہیں انہیں اپنا بھائی بتاتے ہیں تو ہندوستان کے مسلمان ہمارے بھائی کیوں نہیں ہوئے؟‘‘

 

سنجے راوت نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ ’’سعودی عرب کے پرنس کو وزیر اعظم مودی بولتے ہیں نا ’مائی برادر‘؟ تو ہندوستان میں بھی ہمارے بھائی ہیں ان بھائیوں کو خوشیوں میں کیوں روکنا چاہئے؟ سعودی عرب میں بھائی ہیں اور ہندوستان میں دشمن، یہ کیسے چلے گا؟‘‘اس سے قبل مہاراشٹر اکے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کی اہلیہ امریتا فڑنویس نے بھی نتیش رانے سے اختلاف کا اظہار کیا ہے۔

 

امریتا فڑنویس نے کہا کہ ’’مسلمان اگر گربا تقاریب میں شامل ہوتے ہیں تو اس میں کچھ بھی غلط نہیں ہے، کیوں کہ ہندوؤں کے تہوار سب کو ساتھ لے کر چلنے والے جشن ہوتے ہیں۔‘‘ امریتا فڑنویس نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’ایک اچھے معاشرے کے لیے یہ ضروری ہے کہ تہوار منائے جائیں اسی کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ عوامی مقامات پر دوسروں کا بھی خیال رکھیں۔

 

ہمارے جشن سے کوئی دوسرا شخص پریشان نہ ہو، اصول و ضوابط پر عمل کیا جائے، یہ ضروری ہے کہ لوگوں میں احترام کا جذبہ ہو۔‘‘ دراصل گربا تقاریب سے قبل وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) کی جانب سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ ہندوؤں کے جشن میں مسلمانوں کو داخلہ نہ دیا جائے۔

 

وی ایچ پی کی اسی اپیل کی حمایت نتیش رانے نے کی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button