فریج دھماکے میں ایک ہی خاندان کی چار خواتین ہلاک – دو شدید زخمی
بنگلور – کرناٹک کے بیلگاوی شہر میں پیر کی نصف شب پیش آئے ایک دلخراش واقعہ میں فریج پھٹنے کے بعد لگنے والی آگ میں ایک ہی خاندان کے چار خواتین موقع پر ہی جھلس کر ہلاک ہوگئے، جبکہ مزید دو افراد شدید زخمی ہوئے۔
پولیس نے مہلوکین کی شناخت بھارتی دامونے (50)، شاردا دامونے (45)، گنگا دامونے (25) اور پریا دامونے (24) کے طور پر کی ہے۔ حادثے میں گجانن دامونے (65) اور روشن دامونے (21) شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق گجانن تقریباً 60 فیصد جھلس گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دامونے خاندان گنیش چتورتھی کی تیاریوں میں مصروف تھا۔ مرکزی بس اسٹینڈ کے قریب چاوٹ گلی میں واقع اپنے گھر میں خاندان نے گنیش کی مورتی نصب کی تھی۔ پیر کی رات کھانا کھانے کے بعد تمام افراد سو گئے۔ وہ روزانہ کی طرح فریج کے قریب واقع ایک شیڈ میں سو رہے تھے۔
رات تقریباً 2 بج کر 15 منٹ پر اچانک زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی، جس سے مقامی افراد چوکس ہوگئے۔ وہ فوری طور پر شیڈ کے قریب پہنچے تو خاندان کے افراد آگ میں گھرے ہوئے تھے۔ مقامی لوگوں نے گجانن اور روشن کو آگ سے باہر نکال لیا، تاہم دیگر چار افراد آگ کی لپیٹ میں آکر زندہ جل گئے۔
فریج دھماکے کی شدت سے کنکریٹ کی دیواروں کے بغیر بنا شیڈ مکمل طور پر تباہ ہوگیا، جبکہ گھر میں موجود بیشتر قیمتی سامان بھی جل کر خاکستر ہوگیا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں فریج پھٹنے کی بات سامنے آئی ہے، تاہم دھماکے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس اس بات کی بھی جانچ کر رہی ہے کہ آیا شارٹ سرکٹ کے باعث یہ حادثہ پیش آیا یا کوئی اور وجہ تھی۔
پولیس کو شبہ ہے کہ گنیش کی مورتی کے لئے لگائی گئی آرائشی لائٹس کے باعث شارٹ سرکٹ ہوا ہوگا۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی حادثے کی اصل وجہ واضح ہوسکے گی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
مہلوک شاردا، گجانن کی اہلیہ جبکہ بھارتی ان کی بہن تھیں۔ گنگا اور پریا، گجانن اور شاردا کی بیٹیاں تھیں، جبکہ روشن ان کا بیٹا تھا۔ گجانن پیشے سے بڑھئی تھے، جبکہ خاندان کے دیگر افراد گھروں میں کام یا تجارتی اداروں میں ملازمت کرتے تھے۔



