ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی کی دسویں انڈکشن تقریب، سول سروسز میں کامیابی کے لیے عزم، نظم و ضبط اور مسلسل محنت پر زور

حیدرآباد۔ 15 سپٹمبر ۔پریس ریلیز/ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی کے دسویں بیچ کے طلبہ کے خیرمقدم اور انہیں سول سروسز کی تیاری کے لیے حوصلہ، رہنمائی اور واضح سمت فراہم کرنے کے مقصد سے انڈکشن تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر موجودہ و سابق سول سرونٹس نے اپنے تجربات اور قیمتی مشوروں سے طلبہ کی رہنمائی کی، تاکہ وہ بہتر حکمتِ عملی کے ساتھ اپنی تیاری آگے بڑھا سکیں۔
تقریب کے چیف گیسٹ محمد پرویز عالم، انڈین آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس (IA&AS) کے افسر اور موجودہ اکاؤنٹنٹ جنرل (A&E)، اتراکھنڈ نے ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی کی نئی بیچ کے لئے منتخب طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہیں سول سروسز کی تیاری کو ایک سنجیدہ اور طویل مدتی سفر کے طور پر لینے کا مشورہ دیا۔
پرویز عالم نے اپنے خطاب میں 1000 دن کی مسلسل اور ایماندارانہ محنت کو کامیابی کا بنیادی فارمولا قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج سے تیاری کا ’’ڈے ون‘‘ سمجھ کر اپنے مقصد پر پوری توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ غیر ضروری سوشل میڈیا سے دور رہیں اور یوٹیوب سمیت ڈیجیٹل ذرائع کا بھی صرف ضرورت کے مطابق استعمال کریں۔ انہوں نے نیوز پیپر کے غیر ضروری مواد سے بچنے اور امتحان کے مطلوبہ حصوں پر توجہ مرکوز کرنے کی تلقین کی۔
محمد قمرالدین خان، IRS، اسسٹنٹ کمشنر، کسٹمز اینڈ ان ڈائریکٹ ٹیکسز، رنگاریڈی نے امیدواروں کو سب سے پہلے UPSC کا مکمل سلیبس سمجھنے اور اسی کی حدود میں رہ کر تیاری کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے آپشنل، پریلمز اور مینس کی تیاری کو مربوط انداز میں جاری رکھنے اور مینٹرس کی رہنمائی قبول کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے طلبہ کو ایک دوسرے کے نوٹس اور علم شیئر کرتے ہوئے مضبوط Peer Group بنانے کی بھی ترغیب دی۔
ایک اور مہمان مقررسابقہ آئی پی ایس افسر تاج حسن صاحب نے اکیڈیمی میں طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ وہ ان سہولتوں سے بھرپور استفادہ کریں، محنت اور لگن کے ساتھ اپنی تیاری جاری رکھیں اور بہترین نتائج حاصل کریں۔
ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی کے سرپرست ، اے۔ کے۔ خان، ریٹائرڈ IPS نے سول سروسز کو ’’Great Leveler‘‘ قرار دیتے ہوئے طلبہ سے کہا کہ وہ اپنی سابقہ کامیابیوں یا ناکامیوں کو اپنی مستقبل کی صلاحیت کا پیمانہ نہ بنائیں۔ انہوں نے طلبہ کو اپنی پوشیدہ صلاحیت پہچاننے اور بلند اہداف مقرر کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے سول سروسز کی تیاری کو میراتھن قرار دیتے ہوئے صحت، وقت کے نظم اور باہمی تعاون کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
اس موقع پر وائس چیئرپرسن ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نزہت خان نے خاص طور پر طالبات کی سول سروسز میں شمولیت اور نمائندگی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تعلیمی سال سے ایم ایس ڈگری کالجز، جو خصوصی طور پر طالبات کے لیے مختص ہیں، میں UPSC سول سروسز کی تیاری کے لیے کوچنگ فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد طالبات کو ابتدائی مرحلے سے ہی سول سروسز کے لیے تیار کرنا ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر معظم حسین نے 50 گھنٹے ہفتہ وار مطالعہ، سوشل میڈیا سے دوری اور ’’Do It Now‘‘ کے اصول پر عمل کی تلقین کی، جبکہ انور احمد نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پروگرام سے حاصل ہونے والی رہنمائی کو نتائج میں تبدیل کیا جائے گا۔ ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی کے ڈائرکٹر ڈاکٹرمحمدشاہد نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔
ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی کا رہائشی کوچنگ پروگرام مکمل طور پر مفت ہے۔ دسویں بیچ کے منتخب تمام طلبہ کو مئی 2027 میں ہونے والے UPSC پریلمینری امتحان اور اس کے بعد کے تمام مراحل تک اکیڈیمی میں معیاری تربیت، رہنمائی اور تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پروگرام کا مقصد امیدواروں کو ایک منظم
سازگار اور مسابقتی ماحول فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ سول سروسز کے امتحان میں کامیابی کے لیے مؤثر انداز میں تیار ہو سکیں۔



