تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کا دسواں سالانہ اجلاس عام و ایوارڈ تقریب
تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کا دسواں سالانہ اجلاس عام و ایوارڈ تقریب
حیدرآباد، 2 نومبر (پریس نوٹ) تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین (TUWJU) کا دسواں سالانہ جنرل باڈی اجلاس اور ایوارڈس تقریب چہارشنبہ 11 نومبر 2026ء کو صبح 9:30 بجے، ویٹس گارڈن، شانتی نگر، حیدرآباد میں منعقد ہوگی۔ اس سلسلہ میں یونین کے صدر ڈاکٹر شجاع الدین افتخاری، سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر ساجد معراج اور جنرل سکریٹری مفتی محمد رئیس الدین قاسمی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین اردو صحافیوں کی ملک کی واحد رجسٹرڈ ٹریڈ یونین ہے، جو گزشتہ دس برسوں سے اردو صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لئے مسلسل جدوجہد کررہی ہے۔
یونین نے اردو صحافیوں کو درپیش مسائل کو ضلع کلکٹریٹ سے لے کر عدالتِ عالیہ تک مؤثر انداز میں اٹھایا ہے۔ اردو صحافیوں کی نمائندگی کو ایکریڈیٹیشن کمیٹیوں میں یقینی بنانے، متنازعہ جی او 239 کی منسوخی کے مطالبہ، صحافیوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کرنے اور ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے تربیتی پروگراموں اور ورکشاپس کے انعقاد تک، یونین نے ہر سطح پر اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
یونین قائدین نے کہا کہ اس سالانہ اجلاس کے انعقاد کا بنیادی مقصد اردو صحافیوں کے درمیان اتحاد و اتفاق کو فروغ دینا اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا ہے۔اس موقع پر ریاست بھر کے قابلِ قدر سینئر اور کہنہ مشق اردو صحافیوں کو ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں خصوصی ایوارڈس بھی دیے جائیں گے۔
ان ایوارڈس کے لئے صحافیوں کا تعلق یونین سے ہونا لازمی نہیں ہوگا بلکہ صحافت کے میدان میں ان کی نمایاں خدمات کو بنیاد بنایا جائے گا۔ یونین قائدین نے ریاست کے تمام اردو صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ اس اہم اجلاس اور ایوارڈس تقریب میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں اور اتحاد و یکجہتی کا عملی ثبوت پیش کرتے ہوئے اردو صحافت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کریں۔



