اسپشل اسٹوری

گنیش کے لڈو کی نیلامی میں مسلم جوڑے کی سب سے بڑی بولی – 1.45 لاکھ میں مستان ولی اور چاندنی نے پرساد حاصل کیا

آندھرا پردیش کے سری ستیہ سائی ضلع کے دھرما ورم شہر میں  ایک منفرد واقعہ پیش آیا۔ گنیش چوتھی کی تقریبات کے دوران منعقدہ لڈو کی نیلامی میں مسلم جوڑے چاندنی اور شیخ مستان ولی نے ایک لاکھ 45 ہزار روپے کی سب سے زیادہ بولی لگا کر لڈو کا پرساد حاصل کرلیا۔

 

بتایا گیا ہے کہ دھرما ورم شہر کے پارتھاسارتھی نگر اور سری کلچر دفتر کے قریب قائم گنیش منڈپ پر  تقریب کی کمیٹی کی جانب سے لڈو کی نیلامی کی گئی۔ نیلامی میں کئی افراد نے حصہ لیا، تاہم آخر میں چاندنی اور مستان ولی نے سب سے زیادہ بولی لگا کر لڈو اپنے نام کرلیا۔ بعد ازاں تقریب کی کمیٹی کے ارکان نے مسلم جوڑے کو شال پہنا کر تہنیت پیش کی اور مبارکباد دی۔

 

چاندنی نے بتایا کہ وہ گزشتہ 16 برس سے گنیش اتسو میں شرکت کرتی آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے کی پیدائش کی خواہش پوری ہونے پر انہوں نے گنیش کے لڈو کی نیلامی میں حصہ لیا اور اسے حاصل کیا۔

 

گنیش چوتھی کی تقریبات کے اختتام پر تلگو ریاستوں میں لڈو کی نیلامی کی روایت ہے۔ خاص طور پر حیدرآباد کے بالاپور لڈو کی نیلامی کو ملک اور بیرونِ ملک بھی خاصی شہرت حاصل ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button