حیدرآباد کے پرانے شہر میں ایک اور قتل کی واردات
حیدرآباد کے وٹے پلی میں ایک دل دہلا دینے والے واقعہ میں 42 سالہ محمد مکرم کی مبینہ طور پر شدید پٹائی کے بعد موت ہوگئی۔ متوفی کے بھائی نے الزام عائد کیا کہ جاننے والے افراد کے ایک گروپ نے مکرم کو بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایا، جن میں ایک شخص نے خود کو میڈیا نمائندہ بتایا تھا۔
مکرم کو شدید زخمی حالت میں اسرا ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں بہادرپورہ کے رکن اسمبلی محمد مبین نے پہنچ کر متوفی کے افرادِ خاندان سے ملاقات کی اور واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد مبین نے تلنگانہ حکومت اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ مکرم کی مبینہ پٹائی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے حیدرآباد میں بڑھتے ہوئے پرتشدد جرائم اور قتل کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات پر زور دیا۔
متوفی کے بھائی نے بھی پولیس اور حکومت سے انصاف اور ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے اور واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔



