سی ای سی گیانیش کمار کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست

نئی دہلی: الیکشن کمیشن میں ’ایس آئی آر‘ معاملے پر اختلافات پیدا ہونے کی خبروں کے بعد سیاسی ہلچل تیز ہوگئی ہے۔ اپوزیشن جماعتیں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف مواخذے کی کارروائی کی تیاری کر رہی ہیں
جبکہ اب یہ معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچ گیا ہے۔گیانیش کمار کے خلاف سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے۔ وکیل شیلیندر منی ترپاٹھی نے درخواست دائر کرتے ہوئے ان کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی ہے۔
درخواست گزار نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں الیکشن کمشنروں کی منظوری کے بغیر گیانیش کمار کی جانب سے لیے گئے فیصلوں جاری کردہ رہنمایانہ اصولوں اور سافٹ ویئر میں کی گئی تبدیلیوں کو آئین کے خلاف قرار دیا جائے۔
درخواست میں SIR سے متعلق فیصلوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ’فارم-6‘ کو بحال کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔درخواست گزار کا الزام ہے کہ SIR کے عمل کے دوران ملک بھر میں تقریباً 13 کروڑ افراد کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کیے گئے۔
انہوں نے ان الزامات کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) تشکیل دینے کی ہدایت دینے کی بھی درخواست کی ہے۔اس کے علاوہ عوامی نمائندگی قانون کے تحت فرائض کی انجام دہی میں مبینہ طور پر قواعد کی خلاف ورزی کے الزام میں
گیانیش کمار، ڈپٹی الیکشن کمشنر منیش گرگ اور الیکشن کمیشن کی آئی ٹی سربراہ سیما کھنہ کے خلاف فوجداری تحقیقات شروع کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔



