آسام میں مسلم شادیوں کی لازمی رجسٹریشن کے نئے قواعد منظور

دسپور: آسام کے چیف منسٹر ہیمنت بسوا سرما کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں مسلم شادیوں کی لازمی رجسٹریشن سے متعلق ’’آسام مسلم میرج رجسٹریشن (کمپلسی) رولز 2026‘‘ کو منظوری دے دی گئی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اب مسلم شادیوں کا اندراج سرکاری رجسٹرار کریں گے۔
حکومت کے مطابق نئے قواعد کا مقصد ریاست بھر میں مسلم شادیوں کی رجسٹریشن کے لیے یکساں طریقہ کار قائم کرنا ہے۔ شادی کی رجسٹریشن کے لیے خواتین کی عمر کم از کم 18 سال اور مردوں کی عمر 21 سال ہونا ضروری ہوگا۔ نئے نظام میں رجسٹریشن کا اختیار لائسنس یافتہ مسلم رجسٹرار یا قاضیوں سے سرکاری رجسٹریشن افسران کو منتقل کیا گیا ہے۔
درخواست کے ساتھ عمر اور رہائش کے سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوں گے، جبکہ رجسٹریشن سے قبل 30 دن تک اعتراضات درج کرانے کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ درخواستوں میں اضافہ ہونے کی صورت میں مزید رجسٹرار مقرر کیے جائیں گے۔




