بینک ہڑتال تک اے ٹی ایم چارجز معاف، ایس بی آئی کا فیصلہ

نئی دہلی: بینک یونینوں کی ہڑتال کے پیش نظر اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے اہم فیصلہ کیا ہے۔ ہڑتال کے دوران صارفین کو راحت فراہم کرتے ہوئے ایس بی آئی نے اے ٹی ایم لین دین پر عائد ہونے والے چارجز معاف کردیئے ہیں۔
یہ سہولت 28 سے 30 ستمبر تک دستیاب رہے گی۔ عام طور پر مقررہ تعداد سے زیادہ اے ٹی ایم لین دین کرنے پر بینک صارفین سے فیس وصول کرتے ہیں تاہم ہڑتال کے پیش نظر ایس بی آئی نے یہ چارجز معاف کرنے کا اعلان ایکس پر اپنی پوسٹ کے ذریعے کیا ہے۔
واضح رہے کہ پانچ روزہ ورکنگ ڈیز سمیت دیگر مطالبات کی تکمیل کے لیے سرکاری بینکوں کی یونینوں نے تین روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ اس کے پیش نظر صارفین کو بینکنگ خدمات میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے اس مقصد سے مرکزی حکومت نے اس اتوار کو بھی بینک کھلے رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
اسی سلسلے میں ایس بی آئی نے ہڑتال کے دوران صارفین کو اے ٹی ایم چارجز سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔ بینک نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی بینک کے اے ٹی ایم سے لین دین کرنے پر چارجز عائد نہیں ہوں گے۔
اس کے علاوہ ایس بی آئی نے صارفین کو بینکنگ خدمات کے لیے موبائل بینکنگ، انٹرنیٹ بینکنگ، واٹس ایپ بینکنگ اور یو پی آئی خدمات استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔



