جرائم و حادثات

پولیس پر ہراسانی کا الزام، ہوٹل مالک نے پولیس اسٹیشن میں خودسوزی کی کوشش کی؛ متاثرہ خاندان کا احتجاج

آرمور – تلنگانہ کے نظام آباد ضلع کے بھیمگل میں پولیس کی مبینہ ہراسانی سے دلبرداشتہ ایک ہوٹل مالک نے پولیس اسٹیشن کے احاطے میں خودسوزی کی کوشش کی، جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ واقعہ میں سدھاکر نامی شخص شدید جھلس گیا، جسے فوری طور پر 108 ایمبولنس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق سدھاکر بھیمگل بس اسٹینڈ کے روبرو ہوٹل چلاتا ہے۔ اس کا الزام ہے کہ رات 10 بجے کے بعد ہوٹل کے باہر میزیں رکھ کر کاروبار کرنے پر پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کیا اور اسے عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت دی۔ سدھاکر نے مبینہ طور پر الزام عائد کیا کہ پولیس کی جانب سے اسے مسلسل نشانہ بنایا جا رہا تھا اور بار بار جرمانے عائد کرتے ہوئے ہراساں کیا جارہا تھا۔

 

بتایا گیا ہے کہ اسی معاملے پر مبینہ طور پر شدید ذہنی دباؤ کا شکار سدھاکر اپنے ساتھ پٹرول لے کر بھیمگل پولیس اسٹیشن پہنچا اور احاطے میں اپنے جسم پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔ اچانک آگ بھڑکنے سے پولیس اسٹیشن میں افرا تفری مچ گئی۔ وہاں موجود پولیس اہلکاروں اور عوام نے فوری طور پر آگ بجھائی اور اسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا۔

 

واقعہ کے بعد سدھاکر کے افراد خاندان، رشتہ داروں اور مقامی افراد نے پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے سڑک پر راستہ روک کر نعرے بازی کی اور اعلیٰ حکام سے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

 

افراد خاندان نے کہا کہ اگر تحقیقات میں پولیس عہدیداروں کی جانب سے کسی قسم کی زیادتی یا ہراسانی ثابت ہوتی ہے تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ واقعے کے بعد بھیمگل میں کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button